وقت کی اہمیت

حنا عبدالکریم

عمر ایک امیر باپ کا بیٹا تھا۔ اور نہایت بگڑا ہوا لڑکا تھا۔ اس کے والد ظفر علی کا یہ خواب تھا کہ ان کا بیٹا پڑھ لکھ کر ڈاکٹر بنے ، لیکن اس بگڑے ہوئے لڑکے کواپنے باپ کی کسی بات کی پرواہ نہ تھی۔ اسکول میں سب سے جھگڑتا اور بدتمیزی کرتا، اور اسے پڑھائی سے کوئی دلچسپی نہ تھی۔
ایک لڑکا زبیر جو کہ گاؤں میں رہتا تھا، وہ غریب باپ کا بیٹا تھا۔ زبیر کو پڑھنے لکھنے کا بہت شوق تھا۔ اس کے والد کا بھی یہ خواب تھاکہ زبیر پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بن جائے۔ زبیر کے والد پورے دن محنت مزدوری کرکے اس کی تعلیم کا خرچ نکالتے۔ زبیر کو بھی اپنے والد کا بہت احساس تھا۔ وہ دل لگا کر پڑھتا تھا اور ہمیشہ اپنی کلاس میں پوزیشن لیتا۔جب زبیر نویں کلاس میں پہنچا تو اس کے والد کا انتقال ہوگیا۔ اب وہ بہت اکیلا ہوگیا تھا، صبح میں پڑھتا اور دن رات محنت مزدوری کرتا اور اپنی پڑھائی کا خرچ نکالتا۔
اس طرح اس نے میٹرک کا امتحان اچھے نمبروں سے پاس کرلیا۔ دوسری جانب عمر اپنی شرارتوں اور کوتاہیوں کے سبب میٹرک میں فیل ہوگیا۔ اس ناکامی کے بعد اس کا دل پڑھائی سے بالکل ہٹ گیا۔ اس نے پڑھائی کو چھوڑ کر نشہ اور برے دوستوں کو اپنا لیا۔ظفر علی بیٹے کی یہ حالت دیکھ کر دل ہار بیٹھے اور بہت غمزدہ رہنے لگے، کہیں سے انہیں زبیر کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ اس کے گاؤں چلے گئے، اسے دیکھ کر ظفرعلی کو بہت خوشی ہوئی۔ ان کا خواب پھر سے ابھرنے لگا۔انھوں نے زبیر کا سارا خرچ اٹھانے کی ذمہ داری لے لی اور بہترین کالج میں داخلہ دلوادیا اور ساتھ ہی زبیر سے یہ کہا کہ تم دل لگا کر پڑھو، اپنے خرچے کی فکر نہ کرنا۔
زبیر اس کالج سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے باہر چلا گیا۔ اور اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن لوٹا۔ سب بہت خوش تھے۔ زبیر نے گاؤں میں ایک کلینک کھولا اور غریبوں کا مفت علاج کرنے لگا، جب عمر کو اس بات کا پتا چلا تو وہ بہت شرمندہ ہوا۔ اس نے اپنے باپ سے بہت معافی مانگی اور اپنے کیے پر بہت نادم ہوا۔
وہ سوچ رہا تھا کہ کاش میں بھی اُس وقت دل لگا کر پڑھتا تو آج کچھ بن جاتا۔ مگر اب تو وقت نکل چکا تھا۔ ہمیں بھی چاہیے کہ دل لگا کر پڑھیں۔ ہم ہر لمحے کو قیمتی جانیں۔ اگر ایک بار ہم نے اسے کھودیا تو دوبارہ کبھی حاصل نہیں کرسکتے۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146