اللہ تعالیٰ نے پوری دنیا میں توازن رکھا ہے اور ہر چیز صحیح توازن میں اچھی لگتی ہے۔ اسی طرح اگر ہم بھوک کی مثال لیں تو اس میں بھی اعتدال بہت ضروری ہے جیسے بھوک کا کم لگنا یا حد سے زیادہ لگنا یہ دونوں چیزیں تشویشناک ہیںاور ان پر غور بہت ضروری ہے۔
جب کوئی بیمار ہوجاتا ہے تو اسے بھوک کم لگتی ہے۔ قبض، ورزش نہ کرنا، زیادہ منشیات کا استعمال اور تمباکو نوشی سے بھوک کم لگتی ہے۔ کھانا کھانے سے پہلے تیز رفتاری سے ٹہلنے سے بھوک اچھی لگتی ہے اور کھانا لذید لگتا ہے۔
جس طرح بھوک نہ لگنے کی وجہ بیماری ہے اسی طرح بھوک زیادہ لگنا بھی بیماری کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔ اس کی ایک بہت بڑی وجہ ذیابیطس بھی ہے۔ اس بیماری میں بھی مریض کو بہت زیادہ بھوک لگتی ہے۔ اس سلسلے میں بہتر ہے کہ اپنے ڈاکٹر کو ضرور دکھائیں اور علاج کروائیں۔
غذا کے ذریعہ علاج
لیموں: ادرک کا رس ایک چمچہ، ایک لیموں کا رس، ایک گلاس پانی، حسب ذائقہ ملا کر پینے سے بھوک اچھی لگتی ہے۔ لیموں کے چار حصے کریں لیکن ٹکڑے الگ نہ ہوں۔ ایک میں نمک، ایک میں سیا مرچ، ایک میں سونٹھ اور ایک میں چینی لگا کر ڈھانپ دیں۔ صبح توے پر گرم کرکے چوسنے سے بھوک بڑھے گی، جگر ٹھیک ہوگا۔
نارنگی: ایک نارنگی کی پھانکوں پر پسی ہوئی سونٹھ اور سیاہ نمک ڈال کر کھائیں۔ ایک ہفتے میں ہی بھوک اچھی لگنے لگے گی۔
بیر: بیر کھانے سے بھوک بڑھتی ہے۔
دھنیا: اگر بھوک کم لگے تو سبز دھنئے کا رس تیس گرام روزانہ پلانے سے بھوک اچھی لگنے لگتی ہے۔
برف: گرمی کے باعث بھوک نہ لگنے کی صورت میں کھانے سے ایک گھنٹہ پہلے برف کا ٹھنڈا پانی پی لیں۔
منقہ: منقہ، سیاہ نمک، سیاہ مرچ سب کو ملا کر گرم کرکے کھانے سے بھوک لگتی ہے۔ پرانے بخاری میں جب بھوک نہیں لگتی تو یہ نتیجہ بہت مفید ہے۔
امرود: کھانا کھانے کے بعد ۵۰ گرام امرود روزانہ کھائیں اس سے بھوک اچھی لگتی ہے۔
چولائی کا ساگ: کریلا، میتھی، چولائی کا ساگ یہ سبزیاں بھوک اچھی لگاتی ہیں۔
اجوائن: اجوائن پانچ تولے کو لیموں کے رس میں بھگو کر خشک کرلیں اس کے بعد تھوڑے کالے نمک کے ساتھ پیس کر چھان لیں۔ صبح و شام آدھا چائے کا چمچہ لیں بھوک لگنے لگے گی۔ کھانے کے بعد کھائیں تو کھانا جلد ہضم ہوگا۔
گیس:
پیٹ میں ہوا بھرنے کو پیٹ میں گیس بننا یا ہوا جمع ہونا کہتے ہیں۔ اس کی وجوہات بدہضمی، قبض وغیرہ ہوسکتی ہیں اس سے اکثر بے چینی، پیٹ کا پھول جانا، دل میں گھبراہٹ وغیرہ پیدا ہوتی ہے۔
علاج:
٭ کھانے کے ساتھ مولی پر نمک، سیاہ مرچ ڈال کر دو ماہ تک روزانہ کھانے سے پیٹ میں ہوا، گیس اور اپھارہ نہیں بنتا۔
٭ کھانے کے بعد گڑ کھانے سے پیٹ کی ہوا ٹھیک رہتی ہے۔
٭ نارنگی سے جگر کے امراض ٹھیک ہوجاتے ہیں۔ گیس یا کسی بھی وجہ سے جن کا پیٹ پھولتا ہو، بھرا رہتا ہو، بدہضمی ہو ان کے لیے مفید ہے۔ صبح نہار منہ پینا بہت مفید ہے۔
٭ امرود سے گیس دور ہوتی ہے۔
٭ کچے آلو کا رس، اس کا ابلا ہوا پانی پینے سے گیس دور ہوتی ہے۔
٭ زیرہ بھون کر پیس کر اس کا ایک چمچہ اور ایک چمچہ شہد ملا کر روزانہ کھانا کھانے کے بعد چاٹ لیں۔
٭ دار چینی: گیس سے پیدا پیٹ میں درد کو ختم کرتی ہے۔ اسے قلیل مقدار میں ہی لیں۔ زیادہ مقدار نقصان پہنچاتی ہے۔
٭ ۶ گرام اجوائن میں ڈیڑھ گرام سیاہ نمک ملا کر گرم پانی کے ساتھ پھانک لیں۔ اس سے اپھارہ دور ہوتا ہے۔ اجوائن پیٹ کی ہوا باہر نکالتی ہے کھانے میں کسی بھی صورت میں اجوائن لینی چاہیے۔
٭ صبح سویرے ایک گلاس پانی میں ۲۵ گرام پودینے کا رس، ۳۱ گرام شہد ملا کر پینے سے گیس کی بیماری میں خاص فائدہ ہوتا ہے۔
٭پانی: گیس ہونے پر کھانا کھانے کے بعد ایک گلاس گرم گرم پانی جتنا گرم پیا جاسکے لگاتار کچھ ہفتے پینے سے گیس میں فائدہ ملتا ہے۔
٭ ہلدی: پیٹ میں جب گیس جمع ہوجاتی ہے تو بڑا درد ہوتا ہے۔ ایسی حالت میں پسی ہوئی ہلدی اور نمک پانچ پانچ گرام پانی سے لے لیں۔ فوری آرام ملے گا۔
بدہضمی
جو غذا کھانے کے بعد صحیح طرح سے ہضم نہ ہو اور دو تین گھنٹے بعد معدے میں تناؤ اور بوجھ، طبیعت میں بے چینی، جی متلانا وغیرہ کا باعث بنے ایسی علامات کو بدہضمی کہتے ہیں۔ بدہضمی کا مطلب ہے کھانا ہضم نہ ہونا۔ کبھی کبھار قے کے ساتھ دست بھی آنے لگتے ہیں۔ کھٹی ڈکاریں، منہ میں بار بار کھٹا پانی بھر جاتا ہے۔ کلیجہ جلتا ہے اور اس میں دھیما دھیما درد ہوتا ہے۔ کبھی کبھار خراب ڈکاریں بھی آتی ہیں۔
٭ اگر متلی ہو اور قے نہ ہو تی ہو یا پورے طور پر نہ ہوتی ہو تو گرم پانی میں نمک ملائیں اور قے کروائیں۔ جب معدہ خراب غذا سے صاف ہوجائے تو زیرہ سفید تین ماشے نمک ایک ماشہ باریک پیس کر سرکہ ایک تولہ میں ملا کر چٹائیں۔
٭ اگر بار بار قے آئے تو پودینہ او ر چھوٹی الائچی کو پانی میں جوش دے کر تھوڑا تھوڑا پانی کئی بار پلائیں۔
٭ بدہضمی ہونے پر لیموں کی پھانک نمک ڈال کر گرم کرکے چوسنے پر کھانا آسانی سے ہضم ہوجاتا ہے۔ جگر کی تمام بیماریوں میں لیموں مفید ہے۔ بھوک نہیں لگتی، بدہضمی ہو، کھٹی ڈکاریں آتی ہوں تو ایک لیموں آدھا گلاس پانی میں نچوڑ کر چینی ملا کر روزانہ پلائیں۔
٭ بدہضمی میں امرود بہترین دوا ہے۔ اس مرض والوں کو ۲۵۰ گرام امرود کھانا کھانے کے بعد کھانا چاہیے۔ تندرست لوگوں کو کھانا کھانے سے پہلے۔
٭ دہی میں بھنا ہوا زیرہ، نمک اور سیاہ مرچ ڈال کر روزانہ کھانے سے بدہضمی دور ہوجاتی ہے۔ کھانا جلدی ہضم ہوجاتا ہے اس کے علاوہ صرف دہی اور زیرہ کی لسی بھی بناکر پی سکتے ہیں۔
٭ بھنا ہوا زیرہ ایک چمچہ، ایک چمچہ شہد میں ملا کر کھانے کے بعد روزانہ صبح و شام دوبار چاٹنے سے بدہضمی ٹھیک ہوجاتی ہے۔
٭ ایک چمچہ پسی ہوئی اجوائن اور ذائقے کے مطابق سوندھا نمک ملا کر صبح بھوکے پیٹ پانی سے پھانک لینا مفید ہے۔
٭ بدہضمی ہونے پر کھانے کے ساتھ مولی پر نمک اور سیاہ مرچ چھڑک کر کھائیں۔ بہتر ہے کہ اس کو تقریباً ایک ماہ تک کھائیں۔
٭ جن کو بدہضمی کی شکایت اکثر رہتی ہو ان کو کالا نمک ۵ گرام پانی میں حل کرکے پلانے سے فائدہ ہوتا ہے۔
٭ادرک کا رس لیموں اور سوندھا نمک ملا کر ایک بار کھانے کے بعد پئیں اس سے بدہضمی دور ہوتی ہے۔