بیماریوں کا کامیاب گھریلو علاج

ابوالفضل نور احمد

آگ سے جلنا
سرسوں کا تیل آگ کے بد اثرات کو زائل کرنے کے لیے آبِ حیات کا کام دیتا ہے۔ بس شرط یہ ہے کہ فوراً تیل سے جلی ہوئی جگہ کو تر کردیا جائے بلکہ ممکن ہو تو ماؤف عضو کو تیل میں ڈبودیا جائے۔ بفضلہ تعالیٰ فوراً برف کی طرف ٹھنڈ پڑجائے گی اور آبلہ وغیرہ بھی نمودار نہیں ہوگا۔
آنکھوں کی خارش
انگور کا پانی لے کر آگ پر پکالیں اور اس کا قوام غلیظ ہونے پر شیشی میں سنبھال کر رکھیں۔ جس شخص کی آنکھوں میں خارش ہو اس کو ہدایت کردیں کہ رات کو سلائی سے لگا کر آنکھوں میں ڈلوایا کریں۔ ان شاء اللہ خارش کو آرام ہوگا۔
بہترین مقوی غذا
جو صاحب بخار یا کسی اور بیماری کی وجہ سے کمزور ہوگئے ہوں ان کے لیے انگور بہترین مقوی غذا ہوسکتی ہے۔ کیونکہ انگوروں کے استعمال سے خون صالح پیدا ہوتا ہے اور انسان تندرست و توانا ہوجاتا ہے۔
کثرتِ حیض
بعض عورتوں کو خون حیض بہت زیادہ مقدار میں آنے لگتا ہے۔ مریضہ بہت کمزور ہوجاتی ہے، ایسی حالت میں دھنیا دو ماشے آدھ سیر پانی میں جوش دیں۔ جب آدھا پانی جل جائے تو اتار کر مصری ملاکر نیم گرم پلادیں۔ تین چار خوراک دینے سے آرام ہوجاتا ہے۔
قے حاملہ
حمل کے دنوں میں عورت کو اکثرصبح کے وقت قے آیا کرتی ہے جس کی وجہ سے عورت کو بہت تکلیف ہوتی ہے۔ اس کا آسان علاج یہ ہے کہ چاولوں کے پانی میں خشک دھنیا بقدر دو ماشے گھوٹ کر، چھان کر اور مصری سے میٹھا کرکے پلائیں۔
آواز بیٹھ جانا
ادرک کا رس شہد ملا کر چاٹنا چاہیے۔
کھانسی اور دمہ
رات کو سوتے وقت آٹھ یا دس لونگ کچی یا بھنی ہوئی کھانے سے آرام ہوجاتا ہے۔
ہچکی
ہچکی آنے پر دو لونگ منھ میں ڈال کر ان کا رس چوستے ہی فوراً آرام ہوجاتا ہے۔
کمزور بچوں کے لیے
جن بچوں کی کمزوری کا سبب معلوم نہ ہوسکے ان کو گاجر کا رس چار ماشے سے ایک تولہ تک برابر گرم پانی میں ملاکر دن میں دو تین مرتبہ پلادیا کریں۔ ساتھ ہی اس کی ماں بھی گاجریں کھائے یا گاجروں کا رس پیے اس عمل سے تھوڑے ہی عرصے کے اندر ماں اور بچے کی صحت نمایاں طور پر ترقی کرے گی۔ گاجر کا رس جن بچوں کو بغیر شکایت کے بھی پلایا جاتا ہے ان کی صحت دوسرے بچوں کی نسبت لازماً اچھی رہتی ہے۔
یرقان کی دوا
مولی کے سبز پتوں اور شاخوں کا پانی دس تولے، شکر دو تولے ملا کر صبح کے وقت نوش فرمائیں۔ ہر قسم کے یرقان (پیلیا) کے لیے نہایت مفید ہے۔
بواسیر
مولی کے پتے سائے میں خشک کرلیں۔ پھر کوٹ چھان کر ہم وزن کھانڈ ملالیں۔ سفوف چھ ماشے بلاناغہ چالیس یوم کھائیں۔ بواسیر کا اکسیر علاج ہے۔
مثانے کی کمزوری
جن لوگوں کا مثانہ کمزور ہو اور رات کو خواب بد سے یا بغیر کسی خواب کے احتلام یا انزال ہوجاتا ہو، ان کو جامن کی گٹھلی کا سفوف تین تین ماشے صبح و شام پانی کے ساتھ کھانا چاہیے۔
آنکھ کی خارش
انار کے دانوں کے رس کو تانبے کی کٹوری میں ڈال کر آگ پر پکائیں۔ گاڑھا ہوجائے تو جست کی ڈبیہ میں رکھ لیں۔ روزانہ ایک ایک سلائی آنکھوں میں لگانے سے آنکھوں کی خارش، پلکوں کے بال گرنا، آنکھوں کا سرخ رہنا وغیرہ شکایتیں دور ہوجاتی ہیں۔
شربت مقوی دل
انار کے دانوں کو نچوڑ کر ایک سیر رس نکال لیں، اس میں تین سیر کھانڈ شامل کرکے حسبِ دستور قوام بنالیں۔ صبح و شام بقدر پانچ پانچ تولہ شربت تازہ پانی میں ملاکر استعمال کریں۔ یہ شربت پیاس کو بجھاتا ہے، قے کو دور کرتا ہے مقوی دل ہے۔ دل کی دھڑکن کے لیے نفع بخش ہے۔
خوبصورت اولاد پیدا کرنے کا راز
ایام حمل میں سنگتروں کا زیادہ استعمال اللہ تعالیٰ کے حکم سے خوبصورت اولاد پیدا کرنے کا راز ہے، جس کا جی چاہے آزماکر دیکھ لے۔
سخت زکام
دو لیموں کے رس میں ڈیڑھ پاؤ کھولتا ہوا پانی ڈال کر اور اسے حسبِ ذائقہ شہد سے میٹھا کرکے رات کو سوتے وقت پینا زکام میں اکسیر کا حکم رکھتا ہے۔
بخار میں پیاس
ہر قسم کے بخار میں جس میں پیاس زیادہ لگتی ہے، لیموں کا رس نچوڑ کر پلانا نہایت نفع بخش ہے۔ اس کی مقدار خوراک چائے کے چار چمچوں سے لے کر چھ چمچوں تک رکھنی چاہیے۔
منھ کی بدبو
جس شخص کے منھ سے بدبو آرہی ہو اس کو مجلس میں بیٹھنا دوبھر ہوجاتا ہے اور اگر بیٹھے تو اس مجلس کی شامت آجاتی ہے، اس کا علاج یوں کیجیے۔ لیموںکا رس جو تازہ نکالا گیا ہو، ایک حصہ، عرق گلاب دو حصے، دونوں کو ملاکر روزانہ صبح و شام پلایا جائے اس سے نہ صرف یہ کہ منھ کی بدبو دور ہوکر خوشبو آنے لگتی ہے بلکہ مسوڑھوں کے زخم، گوشت خورہ وغیرہ بھی دور ہوجاتے ہیں۔ علاوہ ازیں دانت صاف ہوجاتے ہیں اور منھ تمام گندے مادوں سے صاف ہوجاتا ہے۔
بانجھ عورت کے لیے ایک عجیب چٹکلہ
آپ جب کبھی پپیتا خریدیں تو اس میں سے اس کے بیج لے کر حفاظت سے رکھ لیں اور انہیں سایہ میں خشک کرلیں اور مریضہ کو ہدایت کردیں کہ وہ ایک دانہ صبح وشام دودھ سے استعمال کرتی رہے۔ مگر ہدایت کردیں کہ یہ تخم ٹوٹنے نہ پائے۔ یہ عمل چالیس روز تک جاری رکھیں انشاء اللہ سوکھی گود ہری ہوجائے گی۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146