حجاب کے نام

شرکاء

قابل مطالعہ مضامین

ماہ نامہ حجاب اسلامی کا تازہ شمارہ ’’مسلم عورت: گھر کے اندر، گھر کے باہر‘‘ باصرہ نواز ہوا۔ سبھی مضامین و مواد قابل مطالعہ ہیں اور تشنگانِ علم کی تسکین کا سامان ہیں۔ ہر مضمون اپنے موضوع پر نیا اور منفرد ہے۔ اس شمارے کو پڑھ کر دل میں شوق ہوا کہ میں بھی اس کامیاب پیشکش پر مبارک باد پیش کروں۔

ماہ نامہ حجاب اسلامی اردو کا بہترین رسالہ ہے، جو دینی فکر کو اپنے اندر سموئے ہوئے اردو زبان و ادب کی ترقی کے ساتھ ساتھ دینی بیداری پیدا کرنے کی خدمت انجام دے رہا ہے۔ یہ رسالہ مہکتا گلاب ہے اپنے رنگ اور خوشبو سے سماج میں اچھے افکار و خیالات کی ترویج کا کام کر رہا ہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی خدمت کو قبول فرمائے۔ آمین

سلمان کبیر نگری

ایڈیٹر ’نئی روشنی‘ سنت کبیر نگر (یوپی)

(بذریعہ واٹسپ)

خصوصی شمارہ پسند آیا

ماہ فروری ۲۰۱۹ کا خصوصی شمارہ، مسلم عورت: گھر کے اندر، گھر کے باہر‘‘ بہت پسند آیا۔ اس شمارے میں مسلم عورت کے ہمہ جہت رول پر جس طرح مدلل اور معقول گفتگو کی گئی ہے وہ قابل قدر و ستائش ہے۔ جن میدانوں اور جہات کا اس شمارے میں احاطہ کیا گیا ہے اسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ادارتی ٹیم نے سخت محنت کی ہے۔ اگرچہ ایک دو مضامین سے تشنگی کا احساس ہوتا ہے مگر مسلم عورت کے رول کو جس انداز سے سماجی، معاشرتی، معاشی اور دعوتی میدانوں میں پھیلایا گیا ہے وہ یقینا فکر و نظر کو اسلام کا فہم دیتا نظر آتا ہے۔

اس شمارے میں ’’خود حفاظتی‘‘ کے موضوع پر بھی ایک مضمون ہے جو عورت اور سماج و معاشرے کو بیدار کرتا ہے۔ اسلامی تاریخ میں مسلم عورت کا عظیم دفاعی کردار رہا ہے جب کہ موجودہ ترقی یافتہ دنیا ابھی تک وہاں نہیں پہنچ سکی ہے، جس کا نمونہ عہد رسالت میں ہمیں ملتا ہے۔ میری رائے میں اس موضوع پر مزید سیر حاصل گفتگو ہونی چاہیے اور مسلم عورت کے دفاعی کردار کو موجودہ حالات کے تناظر میں وضاحت و تفصیل کے ساتھ پیش کیا جانا چاہیے۔

یہ موضوع خصوصی شمارے حجاب اسلامی کی بہترین کاوش ہے۔ اللہ سے دعا ہے وہ اسے شرف قبولیت سے نوازے۔

عبد الحنان ملاّ

وجے واڑہ (اے پی)

بذریعہ واٹسپ

منفرد کوشش

حجاب اسلامی کا خصوصی شمارہ اچانک اور بلا پیشگی اعلان کے موصول ہوگیا۔ یہ ایک سرپرائز تھا۔ خوش گوار سرپرائز۔ اس سے پہلے خصوصی شماروں کا پہلے سے اعلان ہو جایا کرتا تھا۔ میری نظر میں پیشگی اعلان بہتر ہے تاکہ لکھنے والے لوگ اگر کسی موضوع پر لکھنا چاہیں تو لکھ سکیں۔ میرے خیال میں عنوانات بھی مرکزی موضوع کے ساتھ بتا دیے جائیں تو بہتر ہے۔ اس مشورے کے بعد تبصرہ کرنا چاہوں گی۔

یہ شمارہ اپنے موضوع پر منفرد کوشش ہے اور قابل قدر بھی۔ اس شمارے میں مسلم خاتون کے متوقع اور مطلوب رول مکمل آؤٹ لائن موجود ہے۔ یہ آؤٹ لائن کوئی نئی نہیں ہے حالاں کہ بعض لوگوں کو نئی محسوس ہوگی مگر جو لوگ اسلام اور اسلامی تاریخ سے واقف ہیں، انہیں پتہ ہے کہ اس شمارے میں جس وسیع رول کی بات کی گئی ہے وہ اسلام کی تاریخ اور اس کے ابتدائی دور میں موجود ہے۔ آج یہ اجنبی اس لیے ہوگیا ہے کہ ہمارے پاس اسلام کا علم اور شعور بہت کمزور یا ناپید ہے۔

حجاب اسلامی نے اس موضوع پر خصوصی اشاعت پیش کر کے مسلم سماج کو عہد رسالت اور عہد اسلامی کی طرف لوٹنے کی دعوت دی ہے۔ یہ اچھی کوشش ہے اور جاری رہنی چاہیے۔ حجاب اسلامی کی ٹیم کو ہمارے طرف سے پرخلوص مبارک باد۔lll

ڈاکٹر عائشہ انور

کوہ فضا، بھوپال

(بذریعہ ای -میل)

[خصوصی اشاعت پر ہمیں بے شمار واٹسپ پیغام اور ای میل ملے ہیں۔ ان تمام میں ایڈیٹر کی اور اس کی کوششوں کی اتنی تعریف کی گئی ہے کہ ہمیں شرمندگی ہونے لگی۔ اسی احساس کے ساتھ ہم ان تمام پیغامات بھیجنے والوں اور خطوط لکھنے والوں کے شکریے کے ساتھ ساتھ ان سے معذرت خواہ ہیں کہ ان کے تبصرے اور خطوط شائع نہیں کر رہے ہیں۔

تمام احباب و بہی خواہان کا شکریہ! مگر ہم کہنا چاہیں گے کہ آپ کی ایسی تنقید کا ہم زیادہ کھلے دل سے استقبال کریں گے جن کے ذریعے حجاب اسلامی کو اور زیادہ بہتر بنایا جاسکے۔ ایڈیٹر]

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146