رسالہ مفیدہے
آپ کے ہمارے ماہنامہ ’’حجاب اسلامی‘‘ کا مطالعہ ہر ماہ گھر کے سبھی افراد بڑے ہی ذوق و شوق سے کرتے ہیں، اس ماہنامے سے جڑے سبھی افراد مختلف قسم کے مفیدمضامین جن میں دینی معلومات پر مبنی بھی ہیں اور عام معلومات کے علاوہ گھر ، خاندان، ازدواجی زندگی، معاشرت، اسلامی تعلیمات،صحت اور خواتین طالبات کے لئے مفید مضامین بھی۔ ان سب کو جمع کرکے ایک اچھے اور معیاری انداز میں اپنے قارئین کو پیش کرتے ہیں۔ قابل تعریف اور مفیدہیں۔ دعاہے کہ اللہ تعالیٰ رسالے کو جاری و ساری رکھے اور قوم وملت اس سے مستفیض ہو۔ آمین۔
یہ رسالہ مردوں اورخواتین، بچوں اور بڑوں سبھی کے لئے مفید ہے۔
شمیم ادھیکاری،پنویل، رائے گرھ
چند تجاویز
اپریل کا شمارہ دستیاب ہوا۔ دیکھ کر خوشی ہوئی۔ میںگزشتہ تین سالوںسے حجاب اسلامی کے حلقہ ٔ قارئین میں شامل ہوں۔ پیشہ سے ٹیچر ہوں اس لئے گھر اوراسکول کی مصروفیات کے سبب خواہش کے باجوود کچھ لکھ نہیں پاتی۔ کئی بار چاہاکہ کچھ لکھوں تاکہ رسالہ سے مضبوط تعلق قائم ہوسکے اسی کے خیال سے لکھ رہی ہوں کہ کچھ تجاویز دوں۔
رسالہ اگرچہ خواتین اور طالبات کے لئے ہے مگر گھر کے تمام افراد اسے بلاجھجک پڑھ سکتے ہیں۔ میرے گھر کے بچے تو حجاب کے لئے لڑتے ہیں۔ اس کے افسانے اور کہانیاں مفید اور سبق آموز ہوتے ہیں۔ بچوں کا صفحہ بھی اچھی کوشش ہے۔ میراخیال ہے کہ بچوں کے گوشے کے لئے کچھ صفحات بڑھادئے جائیں اوراس میں ایسی چیزیں شامل کی جائیں جو بچوں کی سوچ اور فکر کو ترقی دے سکیں۔ مثلاً: کوئز، سوڈوکو، گیم اور ایسی چیزیںجنھیں غورو فکرکے ساتھ حل کریں۔
بچوں کی تربیت کا گوشہ اور گھریلو زندگی پر مضامین بہت اچھے اور مفید ہوتے ہیں، مگر میری تجویز ہے کہ بچوں کی نفسیات پر بھی مستقل طور سے ایک مضمون ہوناچاہئے۔ اسی طرح گھریلوجھگڑوںکاحل بھی اگر حجاب کے صفحات میں پیش کیاجائے تو اچھا ہے۔
اس ماہ کے افسانوں میں ’’سی ڈی پلیر‘‘ اور ’’ساس سے چھٹکارا‘‘ بہت پسندآئے۔ دونوںافسانے خوداحتسابی کی دعوت بھی دیتے ہیں اگر یہ معیار قائم رہا تو یقینا رسالہ بہت آگے جاسکتا ہے کیونکہ آج کل اُردو زبان میں کوئی ایسا رسالہ نظر نہیں آتا جو خواتین و طالبات کے لئے ہو اور اسے بلاجھجک گھر میں رکھاجاسکے۔
دعاہے کہ حجاب اور زیادہ ترقی کرے۔ آمین
بشری ترنم
کوروائی، ایم پی
[بشریٰ صاحبہ! آپ کی تجاویز اچھی ہیں۔ بہت ساری چیزیں ہم صرف اس وجہ سے نہیں کرپاتے کہ لکھنے والی خواتین نظرنہیں آتیں۔ ہماری کوشش ہے کہ لکھنے والی خواتین کو جوڑا بھی جائے اور نوعمر لڑکیوں میں لکھنے کی صلاحیت پیدا کی جائے۔ آپ معلمہ ہیں اپنی طالبات کی رہنمائی کیجئے کہ وہ اس طرف متوجہ ہوں۔ گوشۂ نوبہار میں صفحات کا اضافہ تو شاید فی الحال ممکن نہ ہو مگرمزید کچھ چیزیںضرور اس میں شامل کی جاسکتی ہیں۔ ایڈیٹر]
غزہ کے خلاف سازش
مارچ کا حجاب اسلامی خوبصورت ٹائٹل کے ساتھ موصول ہوا۔ رسالے کے مضامین پڑھ کر احساس ہواکہ بہت کچھ معلومات حاصل ہوئیں۔ ’غزہ کو دیوار میں چننے کی سازش‘ پڑھ کر دکھ ہوا۔ افسوس کامقام ہے کہ مسلم ملک ہی نہتے محصور غزہ کے شہریوں کی زندگی کو ختم کرنے کی مہم میں دشمن کا ساتھ دے رہاہے۔ حالانکہ وہ جن کے اشاروںپر یہ سب کچھ کررہے ہیں وہ وہی دشمن طاقتیں ہیں جنھوںنے کبھی سینا کے ایک بڑے علاقہ کو اس سے چھین لیاتھا۔
مصر کے اس طرزعمل کے سلسلہ میں اس کے علاوہ اور کیا کہاجاسکتا ہے کہ
اپنے جو بہت خاص تھے دشمن سے ملے تھے
ہم ہارگئے جنگ کا نقشہ نہ سمجھ کر
لیکن یہ بھی حققت ہے کہ فلسطین کے عرب مسلمان اور غزہ کے لوگ جو صہیونی طاقتوں سے لڑرہے ہیں وہ صرف اور صرف ایمان کی طاقت سے لڑرہے ہیں۔ ایک طرف دنیا کی طاقتور حکومت ہے اور دوسری طرف غزہ کے وہ لوگ ہیں جن کے پاس کھانے پینے کے لئے اور حد ہے کہ رہنے کے لئے پناہ گاہیں تک مہیا نہیں۔ ایسے میںاسرائیل جیسی طاقت ان کو کچل نہیں پارہی ہے یہ صرف ایمان کی طاقت کے بل پر ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں اسرائیل نے جو کچھ کیا اس پرمسلم ممالک محض تماشائی ہی بنے رہ سکے یا چند قراردادیں پاس کرسکے۔ اس سے یہ بھی واضح ہوگیاہے کہ فلسطینیوں کو اپنی یہ جنگ خود ہی لڑنی ہے اور وہ لڑبھی رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مددکرے گااور وہ فتح پائیںگے۔
عالمی یوم خواتین پر خاص تحریر پسند آئی۔ صحت و صفائی پر ہدایات رسولؐ مضمون پسند آیا۔
دعاہے کہ رسالہ ترقی کرے۔
عبدالمومن باقی
علی گڑھ