حجاب کے نام!

شرکاء

تعلیم بالغات کا کام
ہر ماہ حجاب اسلامی پابندی سے آرہا ہے جو رسالہ کی کامیابی کی دلیل ہے۔ مضامین بھی بہت اچھے اور معیاری ہوتے ہیں۔ میں اپنی پیرانہ سالی اور ضعف دماغی کی وجہ سے مضامین اور پیغامات دینے سے معذور ہوں ورنہ دل چاہتا ہے کہ خوب لکھا کروں اور میرے مضامین ہر مہینے آیا کریں مگر اپنے رفیق ڈاکٹر داؤد صاحب کو رسالہ میں دیکھ کر تسلی ہوجاتی ہے اور توفیق تو خدا کے ہاتھ میں ہے۔ ڈاکٹر داؤد صاحب کی تعلیمِ بالغات کی اسکیم سے میں بھی وابستہ رہا ہوں۔ کئی سال تعلیمِ بالغات سینٹر سیوہارہ میں چلایا خوب کام ہوا، لڑکیاں اور کئی بہوئیں تعلیم یافتہ ہوئیں، جو آج بھی سینٹر بالغات کی شکر گزار ہیں۔
دعا ہے اللہ تعالیٰ ڈاکٹر صاحب کی عمر میں برکت دے اور تعلیمی کام کرنے کی خوب خوب توفیق دے آمین! حجاب اسلامی کو اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کا نور نظر بنادے، دعا ہے کہ ہر خاتون کے ہاتھ میں حجاب اسلامی رہا کرے۔ آمین
حکیم محمد اشرف علی قاسمی، امیر مقامی، قصبہ سیوہارہ، ضلع بجنور
ایک شکایت
میں حجاب اسلامی کا مدت سے قاری ہوں اور اس وقت سے اس کا مطالعہ کرتا ہوں جب یہ رامپور سے نکلتا تھا ادھر اس میں کافی تبدیلیاں بھی آئیں ہیں۔ آپ کے مارکیٹنگ منیجر شہباز عالم باروی صاحب سے بہ نفسِ نفیس ملاقات ہوئی تھی۔ انھوں نے ہر طرح کے مضامین کی اشاعت کا تیقن دلایا تھا جب وہ مہاراشٹر ناندیڑ میں ممبر سازی کے لیے تشریف لائے تھے اور قریباً ہمارے اسکول کے پانچ ممبران اس رسالے کے ممبر ہیں۔ اکثر شکایت رہتی ہے کہ حجاب وقت پر نہیں ملتا۔ اس تعلق سے مشاورت کے لیے آفس کا نمبر دیں تو ہماری شکایت کا ازالہ ممکن ہوگا۔
انیس الرحمن انیسؔ
[انیس صاحب! ہر طرح کے مضامین کا مطلب ہے جو ہماری پالیسی اور رسالہ کے مزاج کے خلاف نہ ہوں۔ آپ مضامین بھیجئے ان شاء اللہ شائع کیے جائیں گے۔ رسالہ وقت پر نہ ملنے کے بارے میں عرض ہے کہ حجاب ہر ماہ کی ۲۰، ۲۱ تاریخ کو پوسٹ کردیا جاتا ہے۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ سے ہماری منظور شدہ تاریخیں یہی ہیں۔ اگر ہم ان تاریخوں پر پوسٹ نہ کریں توپھر دس گنا زیادہ فائن کے ساتھ پوسٹ کرنا ہوگا۔ اگر رسالہ وقت بے وقت یا دیر سے ملتا ہے تو اس میں ہماری غلطی نہیں بلکہ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی ہے۔ آپ اپنے مقامی پوسٹ آفس میں تحریری شکایت درج کرائیں۔ اس کی ایک کاپی مہر لگوا کر ہمیں بھی بھیجیں۔ یہاں اعلیٰ سطح پر ہم کارروائی کریں گے۔ ہماری پریشانی یہی ہے کہ ہم سے قارئین شکایت تو کرتے ہیں مگر پوسٹ آفس میں جاکر کوئی تحریری شکایت نہیں کرتا۔ بتائیے ہم کیا کریں؟ہمارے فون نمبر ٹائٹل کے اندر پہلے ہی صفحہ پر درج ہیں۔]
رسالہ بے انتہا عزیز ہے
یہ رسالہ مجھے بے انتہا عزیز ہے کیونکہ اس میں ادبی و مذہبی اور زندگی کی حقیقت سے روشناس کرانے والے مضامین پڑھ کر ذہنی و قلبی اور روحانی سکون میسر ہوتا ہے۔ اس کے پاکیزہ افکار، بلند خیالات، صاف ستھرا ذوق اور اسلام پسند جذبات کا اظہار اور مومنانہ نقطۂ نظر یہ سب اپنے پڑھنے والوں کے دلوں پر اچھے اور خوش گوار تاثرات چھوڑ جاتے ہیں۔ اپنی اجتماعی بہنوں کو جن کے ہاں یہ رسالہ نہیں آتا ہے ان کو پڑھنے کے لیے دیتی ہوں سب بہت پسند کرتے ہیں۔
پیکر سعادت معز، ہنمکنڈہ، ورنگل
رسالہ ہر گھر تک پہنچے!
ماہنامہ حجاب اسلامی جنوری ۲۰۰۸ء کا شمارہ موصول ہوا۔ میں حجاب اسلامی کی پرانی قاری ہوں مگر بیچ میں ایک وقفے کے بعد سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ہے۔ حجاب اسلامی کے مطالعے سے بہت خوشی ہوتی ہے۔ مختلف عناوین پر مضامین اور کہانیاں پڑھنے سے خاطر خواہ معلومات اور دلچسپی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ مریم جمال صاحبہ کی تخلیق ’’ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ کا ایک سال‘‘ بھی حکومت کے رویے پر حیران کرنے والی ہے۔ ’’خواتین میں تعلیمی تحریک‘‘، ’’ایسی آزادی کے کیا کہنے‘‘، ’’داعی کی زندگی گھر کے اندر‘‘ بھی دلچسپ اور معلومات افزا ہیں۔
دیگر مشمولات میں ’’اماں‘‘ اور راہیؔ کی تخلیق ’مشورے‘ وغیرہ پسند آئے۔ اگر اس رسالہ کی رسائی ہر گھر تک ہو تو پھر کیا کہنے! اللہ تعالیٰ اس کی توفیق عطا فرمائے۔
افتخار وافیہ، ارریہ، بہار
خواتین میں بیداری کا ذریعہ
حجاب اسلامی کی نئی خریدار ہوں۔ آپ کا رسالہ اردو کی ترقی اور خواتین میں بیداری لانے کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ اس کے مضامین ہر طبقہ اور ہر سطح کی خواتین اور طالبات کے لیے مفید اور اصلاحی ہوتے ہیں۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ خواتین کے لیے کیریر کالم کو بھی مستقل بنائیں ہمیں بہت خوشی ہوگی۔
خوش نصیب، ددھیڑو کلاں، مظفر نگر
[خواتین کے لیے تعلیمی کیریر پر ہم موقع موقع سے مضامین شائع کرتے رہتے ہیں۔ البتہ یہ مستقل کالم نہیں بن سکا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم ان تمام مضامین کا تعارف نہیں کرانا چاہتے جن کو لڑکیوں کے مناسب حال تصور نہیں کیا جاتا۔ اس کے علاوہ کوشش جاری رہے گی۔ ان شاء اللہ]
قابلِ قدر کوشش
حجاب باقاعدگی سے دستیاب ہورہا ہے۔ واقعی آپ کی کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔ ہر موضوع پر معقول فکری غذا مل رہی ہے۔ جو یقینا معاشرہ کو نکھارنے اور سنوارنے میں اپنا فرض نبھائے گی۔ آج معاشرہ کو ایسی ہی راہ نمائی کی ضرورت ہے۔
مہر رحمن، ایوت محل
[آپ کا افسانہ مل گیا۔ شکریہ! آپ اپنا قلمی تعاون جاری رکھیں، حجاب کے صفحات آپ کے افسانوں کے لیے حاضر ہیں۔ آپ کی تحریریں لوگوں کے لیے قابل مطالعہ مواد بھی فراہم کرسکتی ہیں اوربہت سی بہنوں کو لکھنے کا شوق بھی دلا سکتی ہیں۔]
میرا اور بہنوں کاتاثر
ماہنامہ حجاب مجھے بے انتہا پسند ہے۔ یہ صرف میرا ہی تاثر نہیں بلکہ ان بہت سی قاری بہنوں کا بھی خیال ہے جو حجاب کا مطالعہ پابندی سے کرتی ہیں۔ میرا مشورہ ہے کہ اگر اس رسالہ میں ہر ماہ کسی شاعر یا شاعرہ کے متعلق معلومات پہنچائیں تو مزید نکھار آسکتا ہے۔ اگر آپ کی اجازت ہو تو کیا میں شاعرہ کے متعلق لکھ سکتی ہوں۔
صدیقہ سلیمان جابری، رحیم پور، کریم نگر
[صدیقہ صاحبہ! آپ ضرور لکھئے۔ اور ذہن میں رکھئے کہ مضامین مختصر اور جامع ہوں۔ حجاب کے صفحات طویل مضامین کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ شعر و ادب کی معلومات بھی بنیادی ضرورت ہے۔ اس کے لیے آپ پہلے معروف شاعرات کی ایک مختصر فہرست تیار کرکے اگر ہمیں ارسال کردیں تو زیادہ مناسب ہوگا۔]

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146