سردی عروج پر ہے ایسے موسم میں خواتین اپنا خیال پہلے سے زیادہ رکھتی ہیں اور رکھنا بھی چاہیے۔ کیوں کہ اس موسم میں چہرے کا رنگ دب جاتا ہے۔ جلد کھردری اور بے جان ہوجاتی ہے۔ چہرے کی شادابی ماند پڑ جاتی ہے۔ جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس پر مکمل توجہ دی جائے۔ اگر جسم صحت مندہوگا تو جلد بھی خوبصورت اور نکھری نکھری ہوگی۔ اس لیے جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے متوازن اور مناسب خوراک استعمال کریں۔
چہرے کا حسن اس وقت ماند پڑجاتا ہے جب چہرے کی جلد بے رونق پھیکی اور کیل مہاسوں سے بھری ہوتی ہے۔ اپنی جلد کو خوبصورت بنانے کے لیے خواتین عموماً مختلف قسم کی کریمیں اور لوشن کا استعمال کرتی ہیں، لیکن اگر قدرتی اشیاء کے استعمال سے جلد کی حفاظت کی جائے تو جلد کی خوبصورتی دیر پا اور پائیدار ہوگی۔ موئسچرائزنگ جلد کو نمی پہنچاتا ہے۔ یہ جلد کو تازہ رکھنے کا اہم ذریعہ ہے۔ چہرے کی شادابی اور تروتازگی کو برقرار رکھنے کے لیے ماسک نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔ یہ چہرے کی جلد کو غذائیت فراہم کرتا ہے۔ یہ جلد کے مسامات سے میل کچیل نکال کر اسے صاف کرتا ہے اور جھریوں کو دور کرتا ہے۔ اسی طرح کلینزنگ بھی بہت ضروری ہے۔
گھر کے ہر کام کی طرح اپنے چہرے کی کلینزنگ کو بھی روز مرہ کا حصہ بنالیں۔ ہمارے ماحول میں اتنی آلودگی ہے کہ ہر چیز پر گرد جمی نظر آتی ہے۔ چہرہ بھی آلودگی سے محفوظ نہیں رہ سکتا۔ گرد چہرے پر جمع ہوکر جلد کے خراب ہونے اور کیل مہاسوں کا سبب بنتی ہے۔ اس لیے ہمیشہ گھر سے باہر نکلتے وقت موئسچرائزر ضرور لگائیں۔ اس کا استعمال چہرے پر سن بلاک کے طور پر ضرور کریں اسے لگا کر فیس پاؤڈر لگالیں ڈبل پروٹیشکن ہوگی اور سورج کی شعاعوں سے بھی محفوظ رہیں گی۔
اپنے چہرے کو گھریلو نسخوں سے خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ مثلاً تیس سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین سب سے پہلے نیم گرم دودھ میں چند قطرے لیموں کے ملاکر کاٹن سے چہرے پر لگائیں اس سے چہرے کی کلینزنگ کریں۔ اب ایک چمچہ جو کا دلیہ، ایک چمچہ ڈبل روٹی کا چورا، ایک چمچہ کچا دودھ ملا کر چہرے پر لگائیں۔ پندرہ منٹ بعد کاٹن سے صاف کرکے چہرہ دھولیں۔
رات کو بادام کا تیل چہرے پر لگا کر پانچ منٹ تک مساج کریں، پندرہ منٹ بعد صاف کرکے کاٹن سے عرق گلاب چہرے پر لگا کر سوجائیں۔
ہفتے میں دو بار کھیرے کے رس میں لیموں کا رس چند قطرے اور ہلدی ایک چٹکی ملا کر چہرے پر پندرہ منٹ تک لگائیں۔ پھر سادہ پانی سے چہرہ دھولیں۔
ہونٹوں کی حفاظت کے لیے
٭ گلیسرین میں برابر مقدار میں عرقِ گلاب ملا کر ہونٹوں پر ملتے رہنے سے ہونٹ پھٹتے نہیں ہیں۔
٭ گرم دودھ کی ملائی لگانے سے بھی ہونٹ گلاب کی پنکھڑی کی مانند ہوجاتے ہیں۔
٭ کپاس کو زیتون کے تیل میں بھگو کر ہلکے ہاتھ سے ملتے رہنے سے بھی ہونٹ کردے ہونے سے بچ جاتے ہیں۔
٭ ٹماٹر اور گاجر کا رس برابر مقدار میں ملا کر گرم کریں۔ ٹھنڈا ہونے پر ہونٹوں پر لگانے سے دو ہی دن میں ہونٹ ملائم ہوجاتے ہیں۔
٭ ملائی میں لیموں کا رس ملا کر رات کو ہونٹوں پر لگانے سے بھی ہونٹ پھٹتے نہیں ہیں۔
٭ شہد اور لیموں ملا کر ہونٹوں پر رات کو لگاکر سوجائیں کچھ ہی دنوں میں ہونٹ سرخ اور نرم ہوجائیں گے۔
٭ عرق گلاب، پھٹکری اور لیموں ملا کر دن میں کئی بار لگائیں۔ ہونٹ خوبصورت ہوجائیں گے۔
مرسلہ: اسماء تزئین، عبدالرحیم آکولہ