قدرتی اشیاء سے حسن کی حفاظت

ماخوذ

حسن اور دلکشی ہر ایک کی پسند ہے۔ اس کے لیے لوگ کیا کیا طریقے اختیار کرتے ہیں، مگر قدرتی ذرائع اور اشیاء کا استعمال کم قیمت بھی ہے اور ہر قسم کے نقصانات سے محفوظ بھی ہے۔ ذیل میں چند چیزیں اور ان کے فوائد درج کیے جاتے ہیں۔

ایلوویرا

یہ ایک ایسا پودا ہے جسے حسن کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔ یہ تقریباً ہر قسم کی جلدی کریموں میں استعمال ہوتا ہے۔ اس کے موٹے پتوں میں سے ایک خاص قسم کی جیلی نکلتی ہے جس میں حسن افزائی کی صلاحیت ہے۔ اگر جسم پر اس جیلی کے ساتھ شہد ملاکر مالش کی جائے تو جلد نرم و ملائم اور چمکدار ہوجاتی ہے۔ یہ جلد کے کھر درے پن کو دور کر کے دھوپ کے اثرات سے بچانے کے کام آتی ہے اور اگر اس کے گودے کو کھایا جائے تو خون صاف ہوگا جلد میں نکھار آئے گا اور کیل مہاسوں سے محفوظ رکھے گا۔

بیسن

بیسن جتنا کھانے میں مزیدار ہے اتنا ہی حسن بخش بھی ہے۔ اس کو صرف عرق گلاب کے ساتھ ملا کر روزانہ ۱۰ منٹ لگائیں، چہرے پر چمک اور نکھار پیدا ہوگا۔ دودھ میں بیسن شامل کرکے چہرے پر لگانے سے جلد نرم و ملائم ہوجائے گی۔ دن میں ایک بار بیسن سے منھ دھونے سے کیل مہاسے ختم ہوجاتے ہیں۔

دودھ

چہرے کی جلد کو نرم بنانے اور رنگت نکھارنے کے لیے کچے دودھ کو چہرے پر لگانا سب سے بہترین ٹانک ہے۔ اس کو چند منٹ چہرے پر لگائیں اور اس کے بعد منہ دھولیں۔ اس سے جلد صاف ستھری اور دلکش نظر آتی ہے۔ اکثر خواتین دودھ پینے سے چڑتی ہیں حالانکہ ایک گلاس روزانہ دودھ پینے سے رنگت صاف ہوتی ہے۔

گاجر

اس سبزی میں رنگ و روپ میں نکھار پیدا کرنے کی خاصیت بدرجہ اتم موجود ہے۔ گاجر خون کو صاف کرنے اور جلد کو سرخی مائل کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ لہٰذا خواتین کو یہ سبزی بہت زیادہ خوراک کے طور پر استعمال کرنی چاہیے۔ گاجر کو اگربھاپ یا پانی میں ابال کر استعمال کیا جائے تو جلد میں حیران کن حد تک دلکشی اور جاذب نظری پیدا ہوجاتی ہے۔ قیمتی سے قیمتی کریم بھی اس کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ کچی گاجر کا عرق بہت جلد اثر کرتا ہے۔ گاجر کا عرق پینے کے بعد اگر ایک گلاس دودھ پی لیں تو اس سے جلد صاف ستھری ہونے کے ساتھ ساتھ اور رنگت مزید نکھر آتی ہے۔

انڈا

انڈا بہت فائدہ مند ہے۔ اس کو پروٹین کا خزانہ کہا جاتا ہے۔ انڈے میں شہد ملا کر لگانے سے جھریاں ختم ہوجاتی ہیں۔ بالوں کو چمک دار خشکی سے پاک کرنے کے لیے انڈا پھینٹ کر لگائیں اور آدھے گھنٹے بعد سر دھولیں۔

مفید نسخے

— چند بادام رات کو پانی میں بھگودیں۔ صبح انہیں رگڑ کر چہرے پر لگائیں۔ جب خشک ہوجائیں تو انگلیوں سے مل مل کر اتارلیں، بعد ازاں سادہ پانی سے چہرہ دھولیں۔ چہرے کی خشکی دور ہوجائے گی۔

— رات کو سونے سے قبل لیموں آدھا، زعفران معمولی سی، روغن زیتون چند قطرے ملا کر چہرے پر لگاکر آہستہ آہستہ ملیں۔ صبح سادہ پانی سے منہ دھولیں۔

— بیری کے پتے باریک پیس لیں، پھر ان کا جھاگ نکال کر بیس منٹ تک بالوں میں خوب ملیں، بعد ازاں سادہ پانی سے بال دھو ڈالیں۔ اس سے بال چمکیلے، گھنے اور لمبے ہوجائیں گے۔ یہ عمل ہفتے میں ایک بار ضرور کریں۔

— رنگت نکھارنے کے لیے رات کو اصلی شہد اور بالائی چائے کا ایک ایک چمچہ ملا کر چہرے پر لگائیں۔ اس سے چہرے کے داغ دھبے، دانے وغیرہ بھی ختم ہوجائیں گے اور رنگت بھی نکھر جائے گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں