مٹن چانپ
اشیا: چانپ ایک کلو، لہسن ایک گھٹی، ادرک ۲۰ گرام، آلو ایک کلو، نمک سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، انڈے چار عدد، ڈبل روٹی کا چورا حسبِ ضرورت، کالی مرچ بیس عدد۔
ترکیب: سب سے پہلے چانپ کو اچھی طرح دھوکر صاف کرلیں پھر لہسن ادرک پیس کر اس پر لگادیں اور ایک گھنٹہ یونہی رہنے دیں اس کے بعد اس میں تھوڑا سا نمک اور پانی ڈال کر ابال لیں جب گل جائے تو اسے اتارلیں اور فرائی پین میں گھی ڈال کر مل لیں۔ آلو ابال کر پیس لیں، نمک کالی مرچ پیس کر ملالیں اور چانپ کو آلوؤں میں اچھی طرح ڈھانپ کر ڈبل روٹی کے چورے میں رکھ لیں۔ انڈے پھینٹ کر چانپ اس میں ڈبوکر گھی میں مل لیں سرخ ہونے پر نکالتے جائیں نہایت لذیذ مٹن چانپ تیار ہوگئی۔
برگر
اشیا: بند ۶ عدد، قیمہ ڈیڑھ کلو، ٹماٹر ۲۵۰ گرام، ہری مرچ ۵۰ گرام، انڈے دو عدد پیاز حسبِ ضرورت۔
ترکیب: قیمہ باریک پیس لیں اب اس میں نمک، ہری مرچ، پیاز باریک کاٹ لیں اور پھر پیاز ملالیں۔ انڈے بھی اس میں ملا کر خوب اچھی طرح مل لیں اب ان کے چھ کباب بناکر گھی میں تل لیں۔ بند کے ٹکڑے کرلیں اور بہت ہلکا سا سینک لیں اب ایک ٹکڑے پر چٹنی پھیلاکر کباب، ٹماٹر، پیاز جمادیں اور دوسرا ٹکڑا اس کے اوپر رکھ دیں۔ دہی کی چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔
تکہ بوٹی
اشیا: گوشت بغیر ہڈی کا ایک کلو، ادرک ۲۰ گرام، لہسن ۸ جوئے، سرکہ، نمک حسبِ ضرورت، دھنیا سوکھا سفید زیرہ ایک چمچہ ،سرخ مرچ حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں پھر پانی میں نمک ڈال کر ہلکا اسا ابال لیں اس کے بعد تمام مصالحے پیس کر اس میں ملادیں۔ سرکہ ڈال کر (بہت زیادہ نہ ہو) تقریباً آدھا گھنٹہ پڑا رہنے دیں پھر کوئلے یا ہلکی آگ پر سرخ کرلیں۔ چٹنی یا سلاد کے ساتھ پیش کریں۔
بریڈ سوئٹس
اشیا: بریڈ دس بارہ عدد، دودھ ۲ کلو، ریفائن تیل ضرورت کے مطابق، چینی ۲۰۰ گرام، ڈرائی فروٹس حسبِ ضرورت، الائچی پاؤڈر آدھا چمچ۔
ترکیب: سب سے پہلے بریڈ کو تکونے شیپ میں کاٹ لیں ، اس کے بعد اسے ریفائن یا ڈالڈا میں براؤن ہونے تک بھون لیں۔ دودھ میں چینی اور الائچی پاؤڈر ملاکر دودھ کو اچھی طرح کھولائیں۔ جب تک کہ دودھ گاڑھا نہ ہوجائے۔ اب دودھ کو آنچ سے اتار کر اس میں بریڈ کے تلے ہوئے ٹکڑے کو ڈبودیں۔ جب بریڈ دودھ کو اچھی طرح سے جذب کرلے اور نرم ہوجائے تو اسے سرونگ ڈش میں ڈال کر ڈرائی فروٹس سے سجادیں۔
ٹماٹر کے پکوڑے
اشیا: دو ٹماٹر سخت لال، ایک کپ آلو ابلے و ملے ہوئے، نمک ضرورت کے مطابق، ہلدی چٹکی بھر، دوچمچ پیاز باریک کٹی، ایک چمچ ہرا دھنیا کٹا ہوا، چوتھائی چمچ سفید مرچ پاؤڈر، تھوڑا سا تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: ٹماٹروں کو دھوکر ، صاف کرکے آدھا انچ گول گول موٹے سلائس میں کاٹ لیں۔ مکس کیے ہوئے آلو میں ہری مرچ، دھنیا، پیاز اور تھوڑا سا نمک ملائیں۔ ٹماٹر کے سلائس پر تیار کیے ہوئے آلو چاروں طرف سے اچھی طرح لگادیں۔ اب یہ ٹکیہ کی طرح دکھے گا۔ تھوڑا پانی ڈال کر پکوڑے لائق بیسن کا گھول بناکر اسے خوب پھینٹیں۔ گھول میں نمک، ہلدی اور سفید مرچ پاؤڈر ملائیں۔ تیل گرم کریں، ٹماٹر کے تیار شدہ ٹکیہ کو بیسن میں ڈبو کر کم آنچ پر سنہرا ہونے تک تل لیں۔ گرما گرم پکوڑے کو چٹنی یا ساؤس کے ساتھ کھائیں۔
کیلے کی روٹی
میدہ یا باریک گیہوں کے آٹے میں اپنی پسند اور ذوق کے مطابق پکا ہوا کیلا ملاکر گوندھ لیں۔ پانی ڈالنے کی ضرورت نہیں۔ پھر چھوٹے چھوٹے پیڑے بناکر گول اور پتلی روٹیاں تیار کرکے توے پر اچھی طرح سینک لیں۔ اگر زیادہ مٹھاس مقصود ہو تو آٹا گوندھتے وقت تھوڑی شکر بھی شامل کرلی جائے۔
کیلے کی پوریاں
کیلے پختہ اور گیہوں کا صاف آٹا حسب ضرورت۔
ترکیب: پکے ہوئے کیلے کو ہاتھ سے خوب مل کر چھنا ہوا آٹا اس میں ملائیں اور دونوں کو اچھی طرح گوندھ لیں۔ آٹے میں پوریوں کے آٹے کی طرح سختی رہنی چاہیے اس کے بعد بیلن سے چھوٹی چھوٹی پوریاں بیل کر گھی میں تل لیں۔
گوشت اور آلو کے سموسے
اشیا: گوشت ایک سیر، میدا ایک سیر، گھی حسبِ ضرورت، مرچ تین ماشہ، دارچینی، لونگ اور الائچی دو دو ماشہ، ادرک اور دھنیہ دو دو تولہ، پیاز ایک پاؤ۔
ترکیب: پہلے گوشت کا باریک قیمہ گھی میں اچھی طرح بھون لیں اور اوپر لکھے ہوئے سب مسالے اس میں ڈال کر دو پیازہ پکائیں اور پھر چولہے سے اتار کر پتیلی نیچے رکھ دیں۔ اس کے بعد میدا کو نمک کے پانی سے اچھی طرح گوندھ کر خشت مال کریں اور بیلن سے پوریاں بناکر سانٹھ دیں۔ اب ہر ایک میں اپنی پسند کے مطابق قیمہ بھر کر سموسہ کی شکل میں موڑ لیں اور کڑھائی میں تل لیں۔ آلوؤں کے سموسے بھی بالکل اسی طرح تیار ہوں گے فرق صرف اتنا ہے کہ اس میں قیمہ کے بجائے آلو کا بھرتہ استعمال کیا جائے گا اور پیاز نہیں ڈالی جائے گی۔
بُھٹّے کی ٹکیا
اجزا: بھٹّے کے دانے اور آلو ہم وزن، ہرا دھنیا، ہری مرچ پسی ہوئی، زیرہ ثابت اور گرم مسالہ حسب پسند۔
ترکیب: بھٹے کے دانوں اور آلو کو ابال کر اچھی طرح باریک پیس لیں۔ پسے ہوئے بھٹے کے دانوں اور آلو کے ساتھ تمام اجزا کو اچھی طرح پھینٹ لیں۔ توے پر یا کڑاہی میں تلی جائیں، آمچور اور دھنیا کی چٹنی کے ساتھ بہت مزیدار ہو گی۔
بھٹے کے پکوڑے
اجزا: بھٹے کے دانے ۵۰۰ گرام، بیسن ۵۰۰ گرام، نمک، زیرہ، پسی ہری مرچ، دھنیا پاؤڈر حسب پسند۔
ترکیب: بھٹے کے دانوں کو سل پر پیس لیں۔ اب بیسن میں بھٹے کے پسے ہوئے دانوں سیمت تمام چیزیں ملا کر گھول تیار کرلیں (نہ ہی زیادہ گاڑھا اور نہ ہی پتلا) تیل گرم کرکے پکوڑے ہلکی آنچ پر بادامی رنگ آنے تک تلیں۔
بھٹے کی کھیر
اجزا: بھٹے کے دانے ۵۰۰ گرام، ساڑھے تین لیٹر دودھ، شکر ۶۰۰ گرام، کیسر اور الائچی حسبِ ذائقہ
ترکیب: دودھ میں بھٹے کے ثابت دانے ڈال کر آنچ پر رکھیں۔ جب دانے اچھی طرح پک جائیں تب اس میں کٹے کاجو، بادام، کیسر، الائچی گھوٹ پر ڈالیں ساتھ ہی شکر بھی ملا دیں۔ تھوڑی دیر بعد گیس سے اتارلیں۔ ذائقہ دار کھیر تیار ہے۔ پڑوسیوں کو بھی بجھوائیں کہ یہ بھی نیکی ہے۔
کیلے کا حلوہ
اشیا: کیلا ایک سیر جو زیادہ پکا ہوا نہ ہو۔ سرخ مرچ تین ماشہ، دھنیا اور ہلدی ایک ایک تولہ، زیرہ سیاہ ایک ماشہ، بڑی الائچی کے دانے ایک ماشہ، سیاہ مرچ تین ماشہ، گھی آدھ پاؤ، لونگ آٹھ عدد، دہی آدھ پاؤ، نمک حسبِ ضرورت۔
طریقہ: کیلے کا چھلکا اتار کر گول ٹکڑے کرلیں۔ مندرجہ بالا تمام مصالحوں کو اچھی طرح پیس لیں ایک دیگچی میں گھی ڈال کر تمام مصالحہ ملاکر خوب بھون لیں جب یہ خوب اچھی طرح پک جائے تو کیلے کے ٹکڑے اس میں ڈال کر خوب ہلائیں پھر تھوڑی دیر کے بعد دہی نمک اور حسبِ ضرورت پانی ڈال کر پکائیں۔ حلوہ تیار ہے۔
کشمش کی چٹنی
اشیا: سبز کشمش ایک پاؤ، سرکہ آدھ پاؤ، نمک کالی مرچ، سبز مرچ حسبِ ضرورت۔
طریقہ: ان سب اشیاء کو سرکہ ڈال کر باریک پیس لیں۔ چٹنی تیار ہے۔
گوشت کا حلوہ
اشیا: مرغے کے گوشت کا قیمہ آدھ سیر، شہد ڈیڑھ ۱۰۰ گرام، گھی آدھ پاؤ، بادام کی گری بارہ عدد، عرق گلاب دو چمچے۔
طریقہ: قیمہ میں گھی اور شہد ڈال کر ہلکی آگ پر پکائیں جب قیمہ خوب گل جائے تو بادام کی گری پیس کر اس میں ڈال دیں۔
خشخاش کی کھیر
اشیا: خشخاش۶۰ گرام، چاول تین تولہ، بالائی آدھ پاؤ، چینی ایک پاؤ، کیوڑہ دوتولہ، پستہ دو تولہ۔
ترکیب: خشخاش دھوکر دودھ نکال لیں اور دودھ کو باریک کپڑے سے چھان کر چاول ڈال دیں۔ جب چاول گل جائیں تو چینی ملالیں جوش آنے پر اس کو نیچے اتاریں پھر پستہ باریک کاٹ کر چھڑک لیں اور کیوڑہ ڈال دیں۔
گوشت کٹلیٹس
اشیا: گوشت انڈرکٹ آدھا کلو، میدہ ایک یا ڈیڑھ کپ، چکن اسٹوک ۲ کپ، نمک مرچ حسبِ ذائقہ، مکھن ۴ یا ۶ اونس، انڈے دو عدد، تلنے کے لیے تیل۔
ترکیب: سب سے پہلے گوشت کو اچھی طرح ابال لیں۔ جب گل جائے تو گلے ہوئے گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔اور اس کا پانی بھی دیگچی میں خشک ہوجائے تو چھری کی مدد سے چوکور ٹکڑے بنالیں۔ اب دو کپ چکن اسٹوک میں ڈیڑھ کپ میدہ، مکھن، پانی، نمک مرچ ڈال کر اچھی طرح حل کرلیں اس آمیزے کو چولہے پر رکھ کر پکالیں اور چمچہ متواتر چلاتی رہیں۔ جب حلوے کی طرح پک کر گاڑھا ہوجائے تو اتارلیں۔ اب گوشت کے ٹکڑوں کے گرد یہ گاڑھا آمیزہ لپیٹ دیں اور انڈے کی سفیدی لگا کر تل لیں اور اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔