گنّا کھانے کو ہضم کرتاہے اور نظام ہاضمہ کو طاقت دیتا ہے۔ یہ جسم کو طاقت اور خون دینے کے ساتھ ساتھ موٹا بھی کرتاہے۔ خشکی دور کرتاہے، پیٹ کی گرمی اور جلن دور کرتاہے۔ اسے دانتوں سے چوسنا زیادہ مفید ہے۔ اس طرح اس میں لعاب دہن شامل ہوجاتاہے، جوہاضم ہے۔
پوری دنیا میں شکر گلوکوز، کٹوزگنّے سے حاصل کی جاتی ہے۔ اسے چوسنے سے دانتوں کا میل کچیل صاف کرکے مسوڑوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔ دو گلاس گنّے کے رس میں دو ہلکی چپاتیوں کے برابر غذائیت ہوتی ہے۔ گنّے کے رس کا ایک گلاس پینے سے قبض ختم اور معدے کی تیزابیت میں کمی آجاتی ہے۔ دل کی گرمی اور دھڑکن کی زیادتی کو دور کرنے کے لئے بھی گنّا انتہائی مفید ہے۔
گھریلو نسخے
٭گرم گرم جلیبیاں اور ان کاشیرا کھانے سے سر کادرد ختم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ دارچینی پیس کر پانی میں ملاکر سر ماتھے پر لگانے سے بھی سر کا درد ختم ہوجاتاہے۔
٭خشک ادرک پیس کر اسے شہد پر چھڑک دیاجائے تو یہ کھانسی کی ہر قسم کے لئے شفا ہے، اس مرکب کو روزانہ سات دن تک صبح و شام چاٹیں اور کھانسی سے چھٹکارا پائیں۔
٭خاص دنوں میں عموماً پیٹ میں درد ہوتاہے،اس کیفیت کو ٹھیک کرنے کے لئے ایک چھٹانک سونٹھ، ایک چھٹانک اجوائن ہم وزن پیس کر رکھیں، وقت ضرورت ایک چوتھائی چائے کا چمچ ، نیم گرم دودھ یا چائے سے پھانک لیں۔
کام کی باتیں
٭چہرے پر دودھ سے کلینزنگ کی جائے اور بیسن سے منہ دھویا جائے تو چہرہ چند دن میں ہی نکھر جائے گا اور داغ و جھائیاں ختم ہونے لگیں گی۔
٭زخم کتنا ہی گہرا اور شدید کیوں نہ ہو۔ اگر اس پر خالص شہد لگایاجائے تو نہ صرف زخم جلد بھرجائے گا بلکہ نشان بھی نہیں رہے گا۔
٭اگر لوگوں کو شکایت ہوتی ہے کہ جو بھی کھانا پکائیں اس کی خوشبو باہر تک پھیل جاتی ہے۔ اس شکایت کے سدباب کے لئے ایسا کریں کہ جب آپ کھانا بنانے لگیں تو چولہے کے پاس بڑی موم بتی جلادیں۔ خوشبو باورچی خانے سے باہر نہیں جائے گی۔
٭میک اپ کٹ خراب ہوجائے (یعنی آئی شیلڈ وغیرہ) تو اس کے اوپر گرم پانی کے چھینٹے ہاتھ سے ماریں۔ چھینٹے مارنے کے بعد اس کو دھوپ میں رکھ دیں تھوڑی دیر بعد دیکھیںگی تو کٹ ایسے چمک اٹھے گی کہ جیسے ابھی بازار سے خرید کر لائی ہیں۔
اگرلیموں سوکھ جائے اور اس کی جلد سخت ہوتو اسے کاٹنے سے پہلے دس منٹ کے لئے گرم پانی میں رکھیں اس سے رس بالکل ٹھیک حالت میں نکلے گا۔
۸؍ کارآمد نسخے
(۱) گھی یا چکنائی کے دھبے دور کرنے کے لئے کپڑے پر فوراً ذرا سا ٹالکم پائوڈر چھڑک دیں اور چند منٹ بعد جھاڑدیں۔ داغ دور ہوجائے گا۔
(۲) کپڑے پر لوہے کے داغ لگ گئے ہوں تو ان پر لیموں اور نمک مل کر تھوڑی دیر کے لئے رکھ دیں اور پھر صاف کرلیں۔
(۳) آلو کے چپس فرائی کرتے وقت اگر کڑائی میں تھوڑی سی پسی ہوئی پھٹکری ڈال دی جائے تو چپس خستہ اور سفید ہوجاتے ہیں۔
(۴) اچار کو خراب ہونے سے بچانے کے لئے تھوڑی ہینگ پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال کر اچار میں ڈال دیں۔ اچار خراب نہیں ہوگا۔
(۵)پالک ابالتے وقت اگر اس میں چٹکی بھر کھانے کا سوڈا شامل کردیاجائے تو اس کا رنگ تبدیل نہیں ہوگا اور ذائقہ برقرار رہے گا۔
(۶) باسی چاول تازہ کرنے کے لئے پانی ابالیں اور اس میں چاول ڈال دیں۔ ایک ابال کے بعد پانی نتھاردیں اور چاول کو دم پر رکھ دیں۔
(۷) ابلتے ہوئے دودھ کو گرنے سے بچانے کے لئے جس پتیلی میں دودھ ابالاجائے، اس کے کناروں پر تھوڑا سا گھی یا مکھن لگادیں۔ ابلتے وقت دودھ چولہے پر نہیں گرے گا۔
(۸)جب نومولود بچوں کے دانت نکلنے والے ہوں تو ان کے مسوڑھوں پر شہد اور نمک ملاکر لگائیں اور گلے میں ایک چھوہارا کالی ڈوری میں پروکر ڈال دیں، دانت بغیر کسی تکلیف کے نکل آئیں گے۔
۱۰؍ کام کی باتیں
(۱) چہرے کی طرح پیر بھی مکمل توجہ چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے حسب ضرورت دہی میں سرکہ کے چند قطرے شامل کرکے روزانہ مساج کریں۔ چند دنوں میں پیر خوبصورت اور دلکش ہوجائیںگے۔
(۲) گھر میں چیونٹیاں بہت زیادہ آتی ہوں تو ایک ٹب میں پانی کے ساتھ تھوڑا سا مٹی کا تیل ملاکر اس پانی سے گھر کا پونچھا لگائیں۔ اگر کارپیٹ بچھا ہوتو اس کے کناروں پر پونچھا لگادیں۔ دو سے تین بار یہ عمل کرنے سے چیونٹیاں دوبارہ نہیں آئیںگی۔
(۳) فریج سے آنے والی ناگوار بدبو کو دور کرنے کے لئے ایک پیالی میں سرکہ ڈال کر فریج میں رکھ دیں، بدبو ختم ہوجائے گی۔
(۴) پیاز کو کوٹ کر سونگھنے سے سر کادرد دور ہوجاتاہے۔
(۵) کنگھوں کی صفائی کے لئے گرم پانی میں تھوڑا سا واشنگ پائوڈر اور صابن ڈال دیں اور بیس منٹ کے لئے کنگھے اس میں بھگودیں، پھر برش سے اچھی طرح صاف کرلیں اور گرم پانی سے دھولیں۔ کنگھے نئے جیسے ہوجائیںگے۔
(۶) اگر گوشت پکاتے وقت یا بھونتے وقت جل جائے تو اس میں آدھی پیالی دودھ ڈال دینے سے جلے گوشت کی بونہیں آتی۔
(۷) ہاتھی دانت سے بنی ہوئی مصنوعات اکثر زرد پڑجاتی ہیں۔ ایسی چیزوں کو شیشے کے مرتبان میں رکھ کر سورج کی شعاعوں کے سامنے رکھ دیں۔ ان کی زردی ختم ہوجائے گی۔
(۸) ہونٹوں کی سیاہی دور کرنے کے لئے ٹماٹراور کھیرے کا رس ہونٹوں پر لگائیں کچھ دنوں میں خاطر خواہ نتائج حاصل ہوجائیںگے۔
——