گھریلو ترکیبیں

سمیہ اقبال

سبزی دیر تک تازہ رکھنے کی ترکیب

(۱) سبزی پر پانی چھڑکنے اور کاغد میں لپیٹ کر رکھئے تو وہ زیادہ دیر تک تازی رہے گی۔

(۲) تھوڑے پانی میں سرکہ ملا کر سبزی پر چھڑک دیں سبزی دیر تک تازہ رہے گی۔

خمیر سے بچاؤ کی ترکیب

جن کھانے کی چیزوں سے خمیر اٹھ سکتا ہے ان کو اونچی جگہ نہ رکھئے اس طرح خمیر جلد پیدا نہیں ہوتا۔

گوشت کئی دن تک رکھنے کی ترکیب

ر وزانہ گوشت نہ ملتا ہو تو زیادہ دن رکھنے کے لیے گوشت کے پتے پتلے ٹکڑے کاٹ کر دھوپ میں سکھا لیں پھر باریک پسا ہوا کوئلہ اس پر ایک باریک کپڑا بچھائیں پھر کپڑے پر گوشت کے ٹکڑے رکھ دیں اور پھر اوپر کپڑے کی تہ رکھ دیں اور کپڑے پر پسا ہوا کوئلہ ڈال دیں اس طرح گوشت دیر تک خراب نہ ہوگا۔

ابلے چقندر کا چھلکا اتارنے کی ترکیب

چقندر کو ابال کر گرم حالت میں کاغذ پر ملئے تو اس کا سارا چھلکا عمدگی سے اتر جائے گا۔ اس طرح چقندر کلا اصل حصہ ضائع نہیں ہوگا اور آپ کی انگلیاں بھی خراب ہونے سے بچ جائیں گی۔

اچار خراب ہونے سے بچانے کی ترکیب

اچار خراب ہونے کا اندیشہ ہو تو اس میں لیموں کا عرق یا سرکہ ڈال دیجیے تو اچار خراب نہیں ہوگا۔

پیاز کی بُو دور کرنے کی ترکیب

چھری، چاقو یا کسی برتن میں پیاز کی بو بس جائے تو عام طور پر بڑی مشکل سے دور ہوتی ہے۔ اس کو دور کرنے کے لیے آسان طریقہ یہ ہے کہ پانی میں لیموں کی چند بوندیں ملا کر بدبو دار چیزں اس میں ڈال دیجیے اور تھوڑی دیر تک پڑا رہنے دیجیے۔ بدبو دور ہوجائے گی۔

گوبھی کی بو دور کرنے کی ترکیب

گوبھی کی ناگوار بو دور کرنے کے لیے گوبھی پکاتے وقت اس میں چند قطرے لیموں کا عرق ایک چمچہ بھر پانی ملا کر ڈال دیں تو بو دور ہوجائے گی۔

ٹماٹر تازہ رکھنے کی ترکیب

(۱) ٹماٹروں کے سروں پر تھوڑا سا موم لگا کر رکھ دیجیے تو ٹماٹر کئی دنوں تک تازہ رہیں گے۔

(۲) پانی میں نمک گھول کر ٹماٹر اس میں ڈال دیں تو بھی ٹماٹر کافی دیر تک سخت اور تازہ رہتے ہیں۔

لیموں سے پورا عرق نکالنے کی ترکیب

لیموں سے پورا عرق نکالنے کے لیے اسے پہلے گرم پانی میں ڈبولیں پھر کاٹ کر نچوڑیں تو سارا عرق نکل آئے گا۔

مچھلی دیر تک رکھنے کی ترکیب

مچھلی اگر زیادہ دیر تک رکھنی ہو تو اس کا پیٹ صاف کرکے نمک لگائیں اور سل یا چکی کے پاٹ کے نیچے رکھ دیں۔ دباؤ کی وجہ سے پانی نکل کر بہہ جائے گا اور مچھلی دیر تک خراب نہ ہوگی۔ پھر جب استعمال میں لانا ہو تو کڑوے تیل اور بیسن سے دھو ڈالیں۔ دو تین دفعہ دھو لینا کافی ہے۔

دہی فوراً جمانے کی ترکیب

اگر دہی فوری طور پر جمانا چاہتے ہیں تو دودھ میں ذرا سا ٹارٹرک ایسڈ ڈال دیجیے۔ دہی بہت جلد جم جائے گا۔

مچھلی کی بو باس دور کرنے کی ترکیب

مچھلی کی بو اور باس دور کرنے کے لیے قتلوں کو لیموں کے عرق سے رگڑ کر دھونا چاہیے۔

ڈبل روٹی کے ٹکڑے بغیر ٹوٹے کاٹنے کی ترکیب

ڈبل روٹی کاٹتے ہوئے بعض اوقات بڑی مشکل پیش آتی ہے اگر ہر ٹکڑا کاٹنے سے پہلے چھری کو ابلتے ہوئے پانی میں ڈبو کر ڈبل روٹی کاٹیں تو آسانی سے کٹ جائے گی۔

پنیر کو زیادہ دیر تک رکھنے کی ترکیب

پنیر کو زیادہ دیر تک رکھنا چاہیں تو اسے سرکہ میں تر کپڑے میں لپیٹ کر رکھئے۔ وہ زیادہ دیر تک رہ سکے گا۔

ہاتھوں سے مچھلی کی بو دور کرنے کی ترکیب

مچھلی دھونے کے بعد ہاتھوں کو بیسن یا پیاز کے پانی سے دھوئیے مچھلی کی بوفوراً دور ہوجائے گی ورنہ دیر تک ہاتھوں سے بساند آتی رہتی ہے۔

کلونجی کے فوائد

کلونجی گھریلو نسخوں میں اکثر استعمال ہوتی ہے اور بہت فائدہ دیتی ہے معدہ کو طاقت دیتی ہے۔ پیشاب کو جاری کرتی ہے۔گردہ اور مثانہ کی پتھری میں فائدہ مند ہے۔ پیٹ کے ابھار کو دور کرتی ہے۔ ۵ تولہ کلونجی رات کو سرکہ میں بھگوکر رکھ دیجیے اگلے دن سائے میں خشک کرلیجیے اور پھر باریک پیس کی سفوف بنالیجیے۔ ۱۵ تولہ خالص شہد میں ملا کر رکھ لیجیے اور بوقت ضرورت ۶ ماشہ سے ایک تولہ تک کھائیے تو مندرجہ بالا فوائد ہوں گے۔

۳ ماشہ کلونجی باریک پیس لیجیے۔ ایک تولہ مکھن میں ملا کر چاٹیے اس سے ہچکی بند ہوجائے گی۔

برص کے داغ دور کرنے، داد اور بالخورہ دور کرنے اور مہاسے دور کرنے کے لیے کلونجی کو سرکہ میں پیس کر لیپ کریں۔ شدت کا زکام ہو تو کلونجی کو بھون کر سونگھئے۔ اس سے زکام میں کمی ہوجائے گی۔

آنکھوں میں یرقان کے بعد جو زردرہ جاتی ہے اسے کلونجی سے دور کیا جاسکتا ہے۔ کلونجی کے سات آٹھ دانے ماں کے دودھ میں ملا کر پیس لیے جائیں۔ پھر اسے ناک میں سڑکا جائے تو آنکھوں کی زردی ختم ہوجاتی ہے۔

گٹھیا، درد کمر اور بادی بلغم دور کرنے کے لیے کلونجی، بالوں، اجوائن اور میتھی کے بیج سب ہم وزن لیں اور پیس لیں روزانہ صبح ۳ تولہ پھانک کر ہلکا گرم پانی پی لیں۔

پیاز کے فوائد

پیاز غذا کا ضروری جز ہونے کے ساتھ بطور دوا بھی استعمال ہوتی ہے۔ بطورِ غذا مسالے اور چٹنی میں استعمال کی جاتی ہے۔ ہیضہ اور طاعون کی وبا پھیلنے کے زمانے میں پیاز اپنے ساتھ رکھنا اور غذا کے ساتھ استعمال کرنا مفید ہوتا ہے۔ ہیضہ کے مریض کو پیاز کا عرق پلانا بہت مفید ہوتا ہے۔ ایک تولہ عرق میں تھوڑی دہی ملا کر پینے سے پیچش کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔

پیاز کا عرق ۵ تولہ، ادرک کا عرق ۵ تولہ، جامن کا سرکہ ۵ تولہ اجوائن کا ست اور نمک بقدر ضرورت سب کو ملا کر ایک بوتل میں رکھ لیجیے اور ہیضے کے مریض کو ۳-۳ گھنٹے کے بعد چائے کے ایک چمچہ کے برابر پلا دیجیے سخت سے سخت مریض بھی انشاء اللہ ایک دن میں ٹھیک ہوجائے گا۔

مرگی کے مریض کو پیاز کا عرق پلانے سے اور پیاز جلاکر سنگھانے سے دورہ ختم ہوجاتا ہے۔

پیاز سے خون بڑھتا ہے۔ جس کے جسم میں خون کی کمی ہو اس کو پیاز کھلانے اور عرق پلانے سے خون بڑھتا ہے۔

۲ تولہ پیاز کو ڈیڑھ سیر پانی میں اتنا پکائیے کہ ایک پاؤ پانی رہ جائے اسے چھان کر پینے سے پیشاب کی سوزش دور ہوجاتی ہے۔پیاز کا اچار کھانے سے کھانا ہضم ہوتا ہے بھوک کھل کر لگتی ہے اور ضعفِ معدہ کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔ پیاز کے استعمال سے یرقان کو فائدہ ہوتا ہے۔

جلے ہوئے مقام پر پیاز کا عرق لگانا بہت مفید ہے۔ موسمِ گرما میں اگر لو لگ جائے تو پیاز سنگھانے سے لو کا اثر زائل ہوجاتا ہے۔ پیاز پھنسیوں کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ ایک پاؤ پانی میں ایک پیاز کاٹ کر اور خوب دھوکر ابال لیں۔ ابلے پانی کو چھان کر ٹھنڈا ہونے پر پینے سے پھنسیاں فوراً ختم ہوجائیں گی اور پھر کبھی نہ ہوں گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں