گھر پر تیا رکردہ ماسک جلد کو تروتازہ رکھتا ہے

....

پھل اور سبزیاں جسمانی صحت ہی نہیں بلکہ جلد کی خوبصورتی کی بھی ضامن ہیں۔ سب ہی کو چہرے کی خوبصورتی عزیز ہوتی ہے کیونکہ چہرے کی جلد بہت حساس ہوتی ہے۔ سارا دن دھوپ گرمی اور گردوغبار سے متاثر ہوتی ہے۔ ان سب سے بچنے اور ان کے اثرات کا تدارک کرنے کے لیے ماہرین موسمی پھل اور سبزیاں کھانے اور انھیں چہرے، ہاتھ پیروں کی جلد پر استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان پھلوں سبزیوں کو آپ روزہ مرہ کی خوراک کا حصہ بناکر خود کو تواناں رکھ سکتی ہیں اور ساتھ ہی انھیں فیشل ماسک اور کچھ دوسرے طریقوں سے اپنی جلد کی شادابی کے لیے بھی کارآمد بناسکتی ہیں۔
پپیتا
چہرے کی تازگی اور دلکشی کے لیے پپیتے کا گودا اکسیر مانا جاتا ہے۔ پپیتے کا گودا مسل کر یا بلینڈ کرکے اس کا ماسک چہرے پر لگانے سے ایک دلکش چمک آجاتی ہے۔ موسم گرما میں اس میں لیموں کا رس شامل کرکے استعمال کیا جائے تو ہفتے بھر میں جلد کی تازگی بحال ہوجاتی ہے۔ پپیتے کے گودے یا اس کے چھلکوں کے پیسٹ میں بیسن ہلدی اور عرق گلاب شامل کرکے ہاتھ پیروں اور چہرے پر اس کا لیپ کریں۔ یہ جلد کی تازگی کے حصول کا آسان ذریعہ ہے۔ پپیتے، کھیرے، گاجر اور انناس کا پیسٹ بناکر رکھ لیں اور روزانہ اس سے چہرے پر پانچ منٹ تک مساج کریں، جلد گلاب کی طرح کھل اٹھے گی۔ پپیتا کھانے کے بعد اس کا چھلکا پھینکنے کے بجائے اس کا پیسٹ بنالیں۔ یہ پیسٹ روزانہ منہ دھونے کے لیے صابن کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ٹماٹر
ٹماٹر بطور سلاد ہی مفید نہیں بلکہ اس کا گودا اور رس چہرے پر مل کر آدھے گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے دھولینے سے چہرہ نکھر جاتا ہے۔ اس کے مسلسل استعمال سے چہرے کی رنگت بھی نکھر جاتی ہے۔ ایک ماہ یہ عمل کرنے سے کیل مہاسے بھی ختم ہوجاتے ہیں۔
پودینہ
چہرے کے داغ دھبوں، کیل مہاسوں اور رنگت صاف کرنے کے لیے پودینے کو خالص سرکے میں پیس کر لگائیں، اس سے چہرے کی رنگت سے نجات کے لیے آدھی گڈی پودینے، چار کپ پانی میںابال کر روزانہ پئیں، کچھ ہی دنوں میں چہرے کی رونق بحال ہوجائے گی۔
بند گوبھی
ایک کپ بند گوبھی کے پتے ایک گلاس پانی میں ابال کر چھان لیں اور روزانہ اس سے منہ دھوئیں۔ اس میں موجود وٹامنز چہرے کے عضلات اور جلد میں نکھار پیدا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ چھوٹی چھوٹی تدابیر پر عمل کرکے بھی جلد کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
——

 

 

 

 

 

جب تک چہرے کی جلد شاداب اور چمکدار نہ ہوگی تب تک اس پر آپ نے جتنا اچھا اور قیمتی میک اپ کیوں نہ کرلیا ہو آپ کو وہ رزلٹ نہیں ملے گا جو آپ چاہتی ہیں۔ اس کے برعکس اگر آپ کی اسکن فریش اور چمکدار ہے تو پھر آپ کو میک اپ کی ضرورت نہیں۔ آپ کی جلد ویسے بھی نمایاں رکھنے کے لیے ماسک سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ ماسک آپ کی جلد کو فریش رکھتا ہے۔ کچھ گھریلو اشیاء کے ماسک درج ذیل ہیں:
انڈے کا ماسک
ایک انڈے میں ایک لیموں نچوڑ کر ان دونوں چیزوں کو اچھی طرح مکس کریں پھر اسے بیس منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں اور اس کے بعد چہرہ دھولیں۔ چہرے پر تازگی آجائے گی۔ جبکہ اس کے لیے دوسرا طریقہ یہ بھی ہے کہ ایک انڈے کی زردی میں تھوڑا سا دودھ ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں پھر اسے بیس منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں یہ ماسک خشک جلد کے لیے مفید ہے۔
کھیرے کا ماسک
کھیرے کا گودا نکال کر اسے اچھی طرح کچل لیں۔ پھر اسی گودے کو چہرے پر پندرہ سے بیس منٹ کے لیے لگائیں اور پھر چہرہ دھولیں۔ اس عمل کو ایک ہفتے آزمائیں آپ خود فرق محسوس کریں گی۔ یہ ماسک ہرقسم کی اسکن کے لیے موزوں ہے کیونکہ اس سے جلد نرم اور ملائم ہوجاتی ہے۔ دوسرا طریقہ یہ بھی ہے کہ کھیرے کو اچھی طرح سے چھیل کر ان کے اندر کے بیج نکال کر کدوکش کرلیں۔ اب اس میں تھوڑا سا خشک دودھ اور آدھا چمچہ شہد ملا کر پیسٹ بنالیں ساتھ ہی اس پیسٹ میں چار پانچ قطرے لیموں کے رس کے بھی ملادیں۔ اب اس کو آدھے گھنٹے تک چہرے پر لگائیں۔ یہ ماسک بھی چہرے کے لیے مفید ہے۔
شہد کا ماسک
شہد میں چند قطرے لیموں کے جوس کے ملاکر اچھی طرح مکس کریں پھر بیس منٹ کے لیے چہرے پر لگالیں۔ یہ ماسک باریک جھریوں کو ختم کرنے اور جلد کو نرم و شگفتہ رکھنے کے لیے ہے۔
ٹماٹر کا ماسک
ٹماٹر چہرے پر بلیچ کا کام کرتا ہے۔ ٹماٹر کا اندرونی گودا نکال کر اچھی طرح کچل لیں پھر اس میںایک چمچہ شہد ملا کر اچھی طرح مکس کرکے چہرے پر لگائیں اور پھر اس کو خشک ہونے دیں اور پھر چہرہ دھولیں۔ اس عمل کو اپنانے سے چہرے کی رنگت نکھر جائے گی۔
گاجر کا ماسک
گاجر کا جوس نکال کر اس کا جو برادہ بچے گا اس کا فریج میں رکھ دیں۔ جب اچھی طرح ٹھنڈا ہوجائے تو اسے چہرے پر لگالیں۔ آدھے گھنٹے اس کو چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر چہرہ دھولیں۔ یہ عمل روزانہ اپنائیں کیونکہ اس سے چہرے کی رنگت میں نکھار آجاتا ہے۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں