رنگ برنگے پکوان

ماخوذ

فرائی نوڈلز

اشیاء: موٹی نوڈلز ۴۵۰ گرام، بند گوبھی ۱۰۰ گرام، مرغی کا گوشت ۱۲۵ گرام، سویاساس ۲ بڑے چمچ، ۱ جینو موتوآدھا چھوٹا چمچ، کالی مرچ حسب ذائقہ۔

ترکیب: بند گوبھی کو ابلتے پانی میں ایک منٹ کے لیے ڈالیں پھر نکال کر نچوڑ لیں۔ کڑاہی میں آئل ڈال کر پکے ہوئے گوشت کو دو تین منٹ بھونیں اب اس میں پکی نوڈلز یا سویا ساس اجینو موتو کالی مرچ ڈالیں، گوبھی بھی ڈال دیں اور کفگیر سے چلاتے ہوئے اچھی طرح گرم کرکے پیش کریں۔

رس گلے

اشیاء: دودھ ا کلو، چینی ۵۰۰ گرام، چاول ۱۰۰ گرام، ٹاٹرک ایسڈ ایک چٹکی۔

ترکیب: دودھ کو ٹاٹرک ایسڈ میں ڈال کر پکائیں جب دودھ پھٹ جائے تو اس کے پانی کو نچوڑ کر پنیر بنالیں اور اس پنیر میں چاول کا آٹا ڈال کر گولیاں بنالیں۔ چینی کی چاشنی تیار کریں۔ یہ گولیاں اس میں ڈال دیں۔ جب یہ پک کر پھول جائیں تو چولہے سے اتار لیں۔ یہی رس گلے ہیں۔

چٹ پٹے کباب

اشیاء: قیمہ ایک پاؤ، ادرک لہسن دو چمچے، پیاز دو عدد، انڈے دو عدد، نمک مرچ حسب ذائقہ، ہری مرچیں چھ عدد، پودینہ ہرا دھنیا ایک گڈی، آلو ایک کلو، کالی مرچیں چند دانے، انار دانہ آدھی چھٹانک، لونگیں چھ عدد، چنے کی دال آدھا پاؤ، دار چینی ایک ٹکڑا۔

ترکیب: قیمہ، دال کو دھوکر نمک، مرچ اور لہسن سمیت ابال لیں۔ جب گل جائے تو سل پر باریک پیس لیں۔ امچور، انار دانہ، اور ہری مرچ کی چٹنی بنالیں۔ چٹنی سخت ہونی چاہیے۔ آلو ابال کر انہیں چھیل کر باریک پیس لیں۔ قیمے دال کے مرکب میں گرم مصالحہ، امچور کی چٹنی اور ادرک مکس کرلیں اب اس آمیزے کی ٹکیاں بنائیں پھر پسے ہوئے آلوؤں کی ٹکیاں بنائیں ان ٹکیوں کے درمیان میں گڑھا رکھیں اب گڑھے کے اندر قیمہ دال کی ٹکیاں رکھ کر بند کردیں۔ اب انہیں پھینٹے ہوئے انڈے میں بھگوکر تیل میں تل لیں۔ سرخ ہونے پر نکال لیں۔ چٹ پٹے کباب تیار ہیں۔ خالدہ ضیاء ، کلکتہ

افغانی چپلی کباب

اشیاء: قیمہ باریک آدھا کلو، کارن فلور آدھا کپ، پیاز دو عدد (باریک کاٹ لیں)، ٹماٹر (سخت) ۲ عدد (باریک کاٹ لیں)، نمک حسب ِ ذائقہ، انار دانہ آدھا کپ، ثابت دھنیا ۲ کھانے کے چمچ، ثابت زیرہ ۲ کھانے کے چمچ، ثابت مرچ ۱۵ تا ۲۰ عدد( دھنیا، زیرہ اور مرچ ملاکر توے پر بھون کر موٹا موٹا پیس لیں) ۔

چٹنی کے لیے: انار دانہ ۲ کھانے کے چمچے، ادرک لہسن تھوڑا سا، ہری مرچ ۳ تا ۴ عدد، پودینہ ایک گٹھی، زیرہ آدھا چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ۔

انار دانہ، ادرک، لہسن، ہری مرچ، پودینہ، زیرہ ثابت دھنیا اور نمک باریک پیس لیں۔

ترکیب: قیمہ میں کارن فلور، پیاز، ٹماٹر، نمک، انار دانہ، ثابت دھنیا، ثابت زیرہ اور ثابت مرچ ملاکر ۱ گھنٹہ کے لیے رکھ دیں پھر چپٹے توے پر کباب بنالیں اوپر سے ایک گول کٹا ہوا ٹماٹر رکھ دیں۔ انار دانہ کی چٹنی کے ساتھ سرو کریں۔

افغانی چانپ

اشیاء: چانپ ایک کلو، پیاز (کٹی ہوئی) ۴ عدد، لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ادرک پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، دہی ایک کپ، سیاہ مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سبز مرچ (کاٹ لیجیے) ۴ عدد، ٹماٹر (ابال کر پیس لیجیے) ۴ عدد، سبز دھنیا کاٹ لیں پاؤ گٹھی، آئل ایک سے ڈیڑھ کپ، ٹماٹر (سلائس کاٹ لیجیے) ۲ عدد، لیموں (سلائس کاٹ لیجے) ۲ عدد، ادرک (لچھے کاٹ لیجیے) ایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب: دیگچی میں آئل گرم کریں اور پیاز ڈال کر براؤن کیجیے۔ آدھی پیاز علیٰحدہ کرکے پیس لیجیے۔ آئل اور بقیہ پیاز میں چانپ شام کردیجیے۔ جب سرخ ہوجائیں تو اس میں براؤن پسی ہوئی پیاز، لہسن، ادرک، نمک، سیاہ مرچ، دہی اور سبز مرچیں ڈال کر بھونیں۔ اس میں ابال آجائے تو پسے ہوئے ٹماٹر ڈال کر بھونیں اس کے بعد ایک کپ پانی شامل کردیں اور دھیمی آنچ پر پکائیں۔ جب گوشت گل جائے تو اس میں سلائسڈ ٹماٹر، لیموں اور ادرک کے لچھے شامل کردیجیے۔ دس منٹ دم پر رکھ دیں۔ دھنیا چھڑک کر پیش کیجیے۔ نسرین وحید، نینی تال

پالک کا پلاؤ

اشیاء: چاول پرانے باسمتی ڈیڑھ کپ، پالک ایک گٹھی، مکن یا گھی تین اونس، پیاز چھوٹی ایک عدد، سلاد مسالہ دو چمچ، نمک ایک چائے کا چمچ۔

ترکیب: چاولوں کو کافی سارے پانی میں ابال کر ایک کنی رہ جائے تو نچوڑ لیں۔ پالک کو صاف کرکے یعنی ڈنڈیاں الگ کرکے پتے اچھی طرح دھوکر موٹا موٹا کاٹیں گھی یا مکھن گرم کرکے پیاز چھیل لیں اور کاٹ کر تلیں۔ گولڈن ہوجائے تو دھلی اور کٹی ہوئی پالک ڈال کر چند منٹ کے لیے ڈھانپ دیں۔ پالک اپنے ہی پانی سے نرم ہوجائے گی۔ پھر اسے قدرے بھون کر چاول ملادیں۔ دونوں مسالہ کو کھانے کے چمچ میں گرم پانی میں گھول کر چاولوں کے ساتھ ملادیں۔ ساتھ ہی نمک ملا دیں چند منٹ دم پر رکھیں اور پھر ڈش میں نکال کر پیش کریں۔

شامی کباب

اشیاء: قیمہ ۵۰۰ گرام، آلو ۱۲۵ گرام،دال چنا ۶۰ گرام، گھی تلنے کے لیے ۲۵۰ گرام، ہری مرچ، دھنیا، پودینہ کے چند پتے، ادرک ۳۰ گرام، دہی ۶۰ گرام، پیاز ایک عدد، انڈے تین عدد، لہسن آٹھ جوے، نمک سرخ مرچ حسب ذائقہ۔

ترکیب: قیمہ میں لہسن، پیاز، چنے کی دال، آلو، ادرک آدھی، سب گرم مصالحہ، نمک اور سرخ مرچ ڈال دیں۔ اب اس میں اتنا پانی ڈال دیں کہ دال گل جائے اور پانی خشک ہوجائے۔ پانی خشک ہونے پر قیمہ مع سب چیزوں کے سل پر باریک پیس لیں اور اس میں ہرا مصالحہ باریک باریک کاٹ کر دہی پھینٹ کر ملادیں۔ اب اس کی گول گول ٹکیاں بناکر رکھ لیں۔ ایک پیالہ میں تین انڈے پھینٹ لیں اور وہ قیمے کی ٹکیوں کو لگا لگا کر فرائی پان میں تلتے جائیں۔ سرخ ہونے پر نکالتے جائیں اور چٹنی کے ساتھ تناول فرمائیں نہایت لذیذ کباب ہوں گے۔

پنیر پکوڑے

اشیاء: میدہ ایک پیالی، کٹی سرخ مرچ ایک چمچ چائے کا، نمک آدھا چمچ چائے کا، مکھن ۳ اونس، پانی ایک پیالی، انڈے ۳ عدد، کوٹج چیز تین چوتھائی پیالی، چیز دو تہائی پیالی، پسی سیاہ مرچ آدھا چائے کا چمچ، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:

میدہ چھان لیں اس میں نمک سرخ مرچ اور سیاہ مرچ ملا دیں مکھن اور پانی کو پتیلی میں ڈال کر گرم کریں۔ مکھن پگھل جائے تو میدہ کو اس میں ڈال دیں اور لکڑی کے چمچے سے تیزی سے ہلاتے جائیں۔جب میدہ پتیلی چھوڑ دے تو آنچ سے ہٹالیں پانچ منٹ ٹھنڈا کریں۔ انڈوں کو پھینٹ لیں اور تھوڑا تھوڑا کرکے میدہ میں ملائیں۔ تھوڑا انڈا ڈال کر میدہ کو اس میں پھینٹ لیں اس طرح سارا پھینٹا ہوا انڈا میدہ میں ملادیں کوٹج چیز کو ہاتھ سے باریک توڑلیں اور اس کو میدے میں ملادیں۔ تیل کو کڑاہی میں ڈال کر گرم کریں جب اس میں سے ہلکا دھواں اٹھنے لگے تو آنچ کو تھوڑا کم کردیں اور اس میں میدے کا آمیزہ چمچ کی مدد سے پکوڑوں کی طرح ڈالیں سنہار ہونے پر نکال لیں اور کاغذ پر پھیلادیں تاکہ زائد تیل نکل جائے۔ پکوڑے رکھیں اور چیز کو کدوکش کرکے ڈالیں اور گرم گرم پیش کریں۔

مرزا فرحین بیگ، لکھنؤ

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں