لذیذ پکوان!

ماخوذ

چٹ پٹا فرائیڈ چکن
اجزاء:چکن ڈیڑھ کلو (آٹھ حصوں میں کٹا ہوا)، نمک حسب ذائقہ، خشک لہسن کا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچہ، لال مرچ (کٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچہ، کالی مرچ (موٹی کٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ، خشک دھنیا (موٹا کُٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ، سفید زیرہ (موٹا کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ، میدہ دو پیالی، کارن فلور ایک پیالی، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: چکن کو اچھی طرح دھوکر کاٹ لیں۔ میدہ اور کارن فلور ملا کر اس میں نمک، لہسن، لال مرچ، کالی مرچ، دھنیا، اور زیرہ اچھی طرح ملا لیں۔ میدہ اور کارن فلور کے آدھے مکسچر میں حسبِ ضرورت ٹھنڈا پانی ڈالتے ہوئے گاڑھا سا پیسٹ بنالیں۔ بقیہ خشک میدہ الگ رکھ لیں۔ چکن کو پیسٹ میں اچھی طرح ڈبو کر چار سے چھ گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ فریج سے نکال کر بچے ہوئے خشک میدے میں اچھی طرح رول کرکے دوبارہ دس سے پندرہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ کڑاہی میں تیل ڈال کر چار سے پانچ منٹ درمیانی آنچ پر گرم کریں۔ پھر آنچ تیز کرکے چکن کو گولڈن فرائی کرلیں اور پھر گرم گرم نوش کریں۔
دال پالک
اجزاء: پالک ایک کلو، مسور کی دال ایک پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، پسا ہوا ادرک، لہسن ایک چائے کا چمچ، پیاز باریک کٹی ہوئی دو عدد، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر باریک کٹے ہوئے دو عدد، تیل چار سے چھ کھانے کے چمچ۔
ترکیب: پالک کو دھوکر باریک کاٹ لیں اور کھلے پین میں درمیانی آنچ پر رکھ کر اس کا اپنا پانی خشک کرلیں۔ مسور کی دال کو دھوکر ایک پیالی پانی اور ہلدی ڈال کر ابال لیں، گل جائے تو ہلکا سا گھوٹ کر ایک پیالی پانی ڈال دیں، پین میں تیل کو ایک سے دو منٹ گرم کریں، اس میں زیرہ ڈال کر کڑکڑالیں، اور اس میں پیاز کو فرائی کرلیں۔ ادرک، لہسن اور لال مرچ ڈال کر دو سے تین منٹ بھونیں پھر ٹماٹر ڈال کر اتنی دیر بھونیں کہ ٹماٹر اچھی طرح گل جائیں۔ دال اور پالک ڈال کر ملائیں اور ہلکی آنچ پر پانچ سے سات منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔
کھٹّا دالچہ
اجزاء: مسور کی دال دو پیالی، لوکی آدھا کلو (چھیل کر چوکور ٹکڑے کاٹ لیں)، نمک حسب ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ، پیاز (باریک کٹی ہوئی) دو عدد درمیانی، ٹماٹر (چار ٹکڑے کیے ہوئے) دو عدد، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، ہلدی پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، املی کا گودا ایک پیالی، کڑی پتہ چند پتے، ہری مرچیں چار سے چھ عدد، دارچینی پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، تیل تین چوتھائی پیالی۔
ترکیب: دال کو دھوکر دو پیالی پانی اور دو کھانے کے چمچ تیل کے ساتھ ابال لیں۔ جب دال اچھی طرح گل جائے تو لکڑی کے چمچ سے گھوٹ لیں یا بلینڈر میں پیس لیں۔ پھر ہلدی، نمک، لال مرچ، ادرک لہسن اور دوپیالی پانی شامل کرلیں۔ دیگچی میں تیل کو درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ کے لیے ہلکا سا گرم کرکے کڑی پتہ ڈال دیں۔ ایک منٹ بعد پیاز ڈال کر سنہری فرائی کرلیں۔ لوکی ڈال کر پانچ سے سات منٹ تک بھونیں اور اس میں دال شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ لوکی گل جائے تو ہری مرچیں اور املی ڈال دیں۔ دس منٹ کے بعد ٹماٹر ڈال کر پسی ہوئی دار چینی چھڑک دیں۔ ہلکی آنچ پر دس سے پندرہ منٹ تک پکا کر چولہے سے اتارلیں۔
انڈین چکن کڑی
اجزاء چکن بغیر ہڈی ایک کلو، لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر کا پیسٹ ایک پیالی، ہرا دھنیا آدھی گڈی، کاجو کٹے ہوئے چار سے چھ کھانے کے چمچے، نمک حسبِ ذائقہ، پیاز دو عدد درمیانی، دھنیا پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، سفید زیرہ ایک چائے کاچمچہ، یخنی دو پیالی (ہڈیاں یخنی بنانے کے لیے)، مکھن دو کھانے کے چمچے، تیل چار کھانے کا چمچ۔
ترکیب: یخنی بنانے کے لیے دیگچی میں آدھا کلو ہڈیوں کو چھ سے آٹھ پیالی میںاتنی دیر ابالیں کہ تقریباً دو پیالی یخنی رہ جائے۔ فرائنگ پین میں تیل کو ہلکی آنچ پر دو سے تین منٹ گرم کریں اور لہسن ڈال کر ایک سے دو منٹ تک فرائی کریں، پھر چکن ڈال کر آنچ تیز کرلیں اور تین سے چار منٹ تک مزید فرائی کرلیں، دیگچی میں مکھن ڈال کر پیاز اور ہرا دھنیا ذرا سا نرم ہونے تک فرائی کریں۔ کاجو ڈال کر تین سے چار منٹ تک بھونیں، پھر نمک، لال مرچ، پسا ہوا دھنیا، ہلدی، زیرہ اور یخنی ڈال دیں اور ہلکے ہلکے چمچہ چلاتی جائیں، یہاں تک کہ گاڑھا ہونے لگے، جب گاڑھا ہوجائے تو چکن اور ٹماٹر پیسٹ ڈال دیں۔ تین سے پانچ منٹ تک پکائیں، ابلے ہوئے چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔
چکن پنیر سلاد
اجزاء:چکن بریسٹ پیس دو عدد، پھلی آدھا کلو (تازہ مٹر)، شکر ۲۰؍گرام، تیل ۷۰؍گرام، سیاہ مرچ حسبِ خواہش، سویاساس ۵؍ٹیبل اسپون، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک (کترا ہوا) ۷؍گرام، ٹماٹر ساس ۴؍ٹیبل اسپون، سرکہ ۴۰؍ملی لیٹر۔
ترکیب: سب سے پہلے پھلی کو کاٹ کر اور دھوکر رکھ لیں۔ چکن کو بھی اچھی طرح سے دھوکر صاف کرلیں۔ اس کے بعد چکن کے باریک ٹکڑے کرلیے جائیں اور انھیں ابال کر ایک پلیٹ میں رکھ دیں۔ یہ اچھی طرح سے گل جانے چاہئیں۔ اس کے بعد ایک پیالے میں سرکہ ، سویا ساس اور ٹماٹو ساس، نمک، شکر اور سیاہ مرچ ملاکر انھیں اچھی طرح مکس کرلیا جالے، پھر اس پر یہ تمام اشیاء ڈال دیں اور اسی پلیٹ پر تیل بھی چھڑک دیں۔ کترا ہوا ادرک بھی اس پر ڈال دیا جائے۔ نہایت ہی عمدہ اور ذائقے سے بھر پور لذیذ ترین سلاد تیار ہے، ہر قسم کے کھانوں کے ساتھ کھا سکتے ہیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146