آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے: اسباب و علاج

شمیم خان

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نہ صرف خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں، بلکہ آپ کی خراب صحت کی بھی غمازی کرتے ہیں۔ ان حلقوں کی وجہ سے تروتازہ اور خوبصورت چہرہ بھی مرجھایا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ انسانی چہرے میں آنکھیں جاذبیت کے لحاظ سے کافی اہمیت کی حامل ہیں۔ اس لیے اگر ان کا حسن متاثر ہوجائے تو چہرے کی خوبصورتی چھن جاتی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ یہ حلقے کوئی ایسا تشویش ناک مسئلہ نہیں ہیں، جن کا علاج ممکن نہ ہو۔ بلکہ یہ قابلِ علاج ہیں بس توجہ کی ضرورت ہے۔
آنکھوں کے گرد یہ حلقے عام طور پر لوگوں کو عمر کے کسی نہ کسی مرحلے میں لاحق ہوجاتے ہیں۔ فکر مندی کا باعث جوانی کی عمر میں ہوتے ہیں۔ ان کے مندرجہ ذیل مختلف اسباب ہوسکتے ہیں:
(۱) موروثی لحاظ سے جلدی بیماری کا منتقل ہونا۔(۲) لگاتار دھوپ میں رہنا۔(۳) الرجی، دمہ، گردے اور جگر کی بیماریاں بھی اس کا سبب بن سکتی ہیں۔ (۴) جسم میں غذاکے ذریعہ حاصل ہونے والے وٹامن خاص طور پر وٹامن کے اور پانی کی کمی اس کا باعث ہوسکتی ہے۔ (۵) تناؤ، تھکن اور بڑھتی عمر کے ساتھ دوران خون کا متاثر ہونا۔(۶) ایسی دواؤں کا استعمال جن سے خون کی رگیں پھیل جاتی ہوں۔
اس مسئلہ کے علاج سے زیادہ اہم یہ ہے کہ اس کو پیداہی نہ ہونے دیا جائے۔ تاکہ چہرہ بھی خوبصورت رہے اور صحت بھی متاثر نہ ہو۔ اس کے لیے چند چیزوں کی طرف دھیان دینا ضروری ہے۔
(۱) متوازن غذا کا استعمال جس میں وٹامن کی ضروری مقدار موجود ہو خصوصیت سے وٹامن کے اور آئرن اچھی مقدار میں ہو، مثلاً پتے والی سبزیاں، پھلیاں، گوشت وغیرہ۔ (۲) وٹامن اے کا استعمال کافی فائدہ مند ہے، جو پتے والی سبزیوں، انڈے، پھل، دودھ اور اس سے بنی اشیاء میں دستیاب ہے۔ (۳)رات میں جلدی سونا اور جاگنا۔ (۴) دھوپ کی تیز شعاعوں سے بچاؤ۔ (۵) بھرپور طریقے سے پانی کا استعمال۔
ان کے علاوہ اس مرض سے بچاؤ کے لیے چند اور باتوں پر بھی توجہ دی جائے تو بہتر ہوگا۔ جیسے:
(۱) ورزش کرنا (۲) نمک کے زیادہ استعمال سے بچنا، کیونکہ زیادہ نمک کا استعمال جسم کے اندر سیال مادوں کو روک لیتا ہے جس سے آنکھیں سوجی ہوئی لگتی ہیں اور ان کے نیچے تھیلے سے بن جاتے ہیں۔(۳) تجربہ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرین ٹی سبز چائے آنکھوں کے لیے مفید ہے، اس میں ایک خاص اینٹی آکس ڈینٹ ہوتا ہے جو آنکھوں کا محافظ ہے۔(۴) رات کو ایسی کریم لگائیں جس میں ’’کوزک ایسڈ‘‘ اور ’’آرئیومن‘‘ جیسے اجزاء ہوں۔
گھریلو علاج
اگر یہ حلقے بہت پرانے نہ ہوں تو گھریلو علاج کے ذریعہ بھی ان پر قابو پایا جاسکتا ہے اور ان سے آپ کی آنکھوں کو بھی سکون و راحت ملے گی:
(۱) بادام یا زیتون کے تیل کی ہلکے ہاتھ سے آنکھوں کے گرد مالش کریں اس سے دورانِ خون درست رہتا ہے اور آنکھوں کی تھکان کو بھی سکون ملتا ہے۔ (۲) بادام اور شہد کو ملا کر سوتے وقت لیپ کریں صبح چہرہ دھولیں۔ (۳) پودینہ کے تازہ پتوں کا پیسٹ بنا کر اس میں چند قطرے لیموں کا عرق ملا کر روزانہ دس پندرہ منٹ تک لگائیں۔ (۴) آلو اور کھیرے کے رس کو ملا کر اس میں صاف روئی بھگوئیں اور ۲۰ منٹ تک آنکھوں پر رکھیں پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
(ہندوستان، ہندی سے ترجمہ)

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146