گرمی کے موسم میں ہر کوئی ٹھنڈامشروب پینا چاہتا ہے۔ لیکن بازاری کولڈ ڈرنکس اور مشروبات نہ تو بہت محفوظ ہیں اور نہ بہت زیادہ مفید۔ کیوں نہ ایسا کریں کہ اس گرمی کے موسم میں آپ کچھ لذیذ شربت خود ہی تیار کرلیں۔ اس طرح آپ بازاری مشروبات اور ان کے نقصان سے بھی اپنے اہلِ خانہ کو محفوظ کرلیں گی اور بہت کم خرچ میں فرحت بخش مفید اور صحت مند مشروبات تیار کرکے اہل خانہ کے دلوں کو بھی جیت لیں گی جس سے وہ آپ کے ذوق اور آپ کی سلیقہ مندی کی تعریف کیے بنا نہیں رہ سکیں گے۔
جی ہاں تو اس گرمی کے موسم میں آپ گرمی سے جنگ کریں اپنے ہاتھ سے تیار کیے ہوئے لذیذ اور رنگ برنگے مشروبات کے ساتھ ۔ پیش ہیں قارئین حجاب کو دس لذیذ، فرحت بخش، صحت بخش اور مفید مشروبات بنانے کی ترکیبیں۔ انہیں آپ خود بھی استعمال کریں اور دوسری بہنوں کو بھی سکھائیں۔
ادرک لیموں کا اسکویش
اشیاء: آدھا لیٹر ادرک کا رس ڈیڑھ کلو چینی، ۵۰ملی لیٹر حل پانی، آدھا لیٹر لیموں کا رس اور چٹکی بھر پریزرویٹیو۔
ترکیب: ادرک اور لیموں کا رس نکال کر چھان لیں۔ چھنے ہوئے رس میں ایک پاؤ چینی ملادیں تاکہ کسیلا ذائقہ ختم ہوجائے۔ سواکلو چینی میں تھوڑا سا پانی ڈال کر ایک ابال آنے تک پکائیں۔ پھر چھان کر اس کا میل اتار دیں اور پھر سے ایک تار کی چاشنی بن جانے تک پکائیں۔ پھر اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ اس کے بعد ادرک ولیموں کا شکر ملا گھول اس میں ملادیں۔ پریزرویٹیو کو ذرا سے پانی میں گھول کر اس میں ڈال دیں اور اچھی طرح ملاکر بوتلوں میں بھرلیں۔ حسبِ ضرورت ٹھنڈے پانی میں ملاکر پیش کریں۔
شربت خس بہار
اشیاء: دس بارہ قطرے خس کا فلیور، ایک لیٹر پانی، ۷۵۰ گرام شکر، ۵ گرام سائٹرک ایسڈ
ترکیب: شکر کی ایک تار کی چاشنی بنائیں۔ آگ پر رکھتے ہی اس میں سائٹرک ایسڈ ڈال دیں۔ چاشنی بن جانے پر چھان لیں اور اس میں خس کا فلیور ملادیں۔ بوتلوں میں بھر کر رکھیں اور برف کے چورے کے ساتھ خوب ٹھنڈا پیش کریں۔
آم کی بہار
اشیاء: ایک کلو پکے آم، ایک پاؤ پانی، ۵۵۰ گرام شکر، ۵ گرام سائٹرک ایسڈ۔
ترکیب: آم چھیل کر گٹھلی الگ کرلیں اور مکسی میں گودے کو پیس کر پتلا پیسٹ بنالیں۔ باریک کپڑے یا موٹی چھلنی سے چھان لیں، شکر کی ایک تار کی چاشنی بنالیں اور اس میں ابالتے وقت ہی سائٹرک ایسڈ بھی ڈال دیں۔ اس میں آم کا پیسٹ ڈال دیں اور پانچ منٹ تک ابلنے دیں۔ اب چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کریں اور ٹھنڈا پانی ملاکر پیش کریں۔
بیل کا شربت
اشیاء: ایک عدد بڑے سائز کا بیل، آدھا کپ پسی ہوئی شکر (بورا) ایک لیٹر پانی۔
ترکیب: بیل کو توڑ کرسارا گودا نکال لیں اور بیچ الگ کرلیں۔ گودے کو تھوڑا پانی ڈال کر رات بھر بھیگا رہنے دیں۔ صبح کو گودے کو اچھی طرح مسل کر باریک کپڑے یا چھلنی میں چھان لیں اور پانی کی باقی مقدار اس میں ڈال کر گھول لیں۔ پیش کرنے سے پہلے آئس کیوبس گلاس میں ڈال کر ٹھنڈا شربت پیش کریں۔
کچے آم کا پنا
اشیاء: آدھا کلو کچے آم (کیری) ایک کلو شکر، پانچ سے دس گرام بھنا اور پسا ہوا زیرہ، ۱۰ گرام نمک، ۵ گرام پسا ہوا پودینہ، آدھا لیٹر پانی۔
ترکیب: کچے آم کو ابال کر ٹھنڈا کرلیں اور ہاتھ سے چھلکا، گٹھلی اور گودا الگ کرلیں، گودے کو مکسی میں ڈال کر یا ہاتھ سے کچل کر باریک کرلیں۔ اس میں شکر ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس میں نمک، بھنا پسا زیرا اور پودینہ ملادیں۔ اچھی طرح ملاکر ایک مرتبان میں بھرلیں۔ جب ضرورت ہو برف اور ضروری مقدار میں پانی ملاکر پیش کریں۔
پودینہ تربوز کا شربت
اشیاء: ۵ کلو تربوز، ایک بڑا چمچہ پودینہ کی کٹی پتیاں اور ایک چھوٹا چمچہ کالا نمک۔
ترکیب: تر بوز کاٹ کر گودا نکال لیں اور بیج الگ کرلیں۔ مکسی میں ڈال کر تربوز اور پودینہ کی پتیاں اچھی طرح چلائیں اور پھر باریک کپڑے سے چھان لیں۔ پیش کرنے سے پہلے چٹکی بھر کالا نمک ملادیں۔ اگر ضرورت محسوس ہو تو ایک گلاس میں تھوڑی سی شکربھی ملاسکتی ہیں۔ ٹھنڈا کرکے پیش کریں۔
بانانا شیک (کیلے کا جوس)
اشیاء: ۱۰ عدد کیلے، ۲۵-۳۰ گرام شہد، چند قطرے کیوڑا، ڈیڑھ لیٹر دودھ، ۲۰ گرام جائے پھل
ترکیب: جائے پھل کو باریک سوکھا پیس کر الگ رکھیں۔ کیلے کو مکسی میں ڈال کر چلائیں۔ پھر اس میں دودھ ڈال کر اچھی طرح چلائیں۔ پیش کرنے سے پہلے شہد، کیوڑا اور جائے پھل کا پاؤڈر ڈال کر چمچے سے چلائیں اور ٹھنڈا پیش کریں۔
فالسے کا شربت
اشیاء آدھا کلو فالسے، ۷۵۰ گرام شکر، ۵ گرام سائٹرک ایسڈ اور سوا لیٹر پانی۔
ترکیب: فالسے کو احتیاط سے دھو کر بیج الگ کرلیں اور مکسی میں باریک پیس کر رس بنالیں۔ شکر کی ایک تار کی چاشنی بنائیں۔ چاشنی میں فالسے کا رس ملاکر پانچ منٹ تک مسلسل چلاتی رہیں اور گاڑھا ہونے پر اتار لیں۔ ٹھنڈا ہوجانے پر سائٹرک ایسڈ ڈال دیں اور بوتل میں بھر کر رکھ دیں۔ ضرورت پڑنے پر برف اور پانی ملاکر پیش کریں۔
پپیتے کا شربت
اشیاء: آدھا کلو پپیتہ،۹۰۰ گرام شکر، چٹکی پھر سائٹرک ایسڈ، دس گرام نمک اور ایک لیٹر پانی۔
ترکیب: پپیتہ کا چھلکا اتار کر بیج اور ریشے الگ کردیں۔ چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر مکسی میں پیس لیں۔ پتیلی میں پانی ڈال کر پپیتہ کا گودا ملائیں اور جب مقدار آدھی رہ جائے تو اس میں شکر ملادیں۔ شکر اچھی طرح گھل جانے کے بعد سائٹرک ایسڈ ملادیں۔ چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں اور کسی بوتل میں محفوظ کرلیں۔ ضرورت کے وقت پانی ملاکر ٹھنڈا پیش کریں۔
لیچی کا شربت
اشیاء: ایک کلو لیچی، آدھا لیٹر پانی، ۷۵۰ گرام شکر، ۵ گرام سائٹرک ایسڈ۔
ترکیب: شکر میں تھوڑا سا پانی ملاکر ایک تار کی چاشنی بنالیں۔ لیچی کو چھیل کر گودا اور گٹھلی الگ کرلیں۔ گودے کو مکسی میں پیس کر رس بنالیں، اسے چھان کر رس میں سائٹرک ایسڈ ملالیں۔ اب اسے چاشنی میں ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور بوتل میں بھردیں۔ ضرورت کے وقت برف ملاکر استعمال کریں۔