لہسن — ایک غذا ایک دوا

عندلیب حیدر

اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات میں سے ایک بہترین انعام لہسن بھی ہے جسے بعض اقوام اپنی لا علمی کی وجہ سے ایک غیر ضروری ہی نہیں بلکہ مضر شے خیال کرتی ہیں۔ لیکن بیسویں صدی کی ابتدا ہی سے لہسن کی طبی افادیت تسلیم کی جانے لگی۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ لہسن اورپیاز دونوں ہی کے بخارات سٹیفیو کاکس اور دوسرے جراثیم کو آسانی سے مارسکتے ہیں۔
۱۹۲۶ء میں میونخ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مشہور سائنس داں ہنری فورڈ نے ایک مضمون لکھا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’لہسن ایک عطیۂ الٰہی ہے جس کے استعمال کرتے رہنے سے دل و دماغ اور جسم کو ترقی ہوتی ہے، اس کے مسلسل استعمال سے جسمانی طاقت بے حد بڑھ جاتی ہے اور صالح خون پیدا ہوتا ہے۔‘‘
اسی طرح نیویارک کے مشہور ڈاکٹر پوڈا لسکی بھی انہی الفاظ میں لہسن کی تعریف کرتے ہیں اور مانچسٹر میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر بدیڈلے نے تو لہسن کی تعریف یہاں تک کی ہے کہ لہسن امراض دماغ اور دق کے لیے بے حد مفید ہے۔ وہ لہسن کو دوائے کبیر کے نام سے تعبیر کرتے ہیں۔ یونانی، رومن اور افریقہ کے حبشی مدت مدید سے لہسن کا استعمال کررہے ہیں۔ اسی لیے صحت کے لحاظ سے وہ دنیا بھر میں بہت بہتر خیال کیے جاتے ہیں۔
لہسن جس کا انگریزی نام گارلک (Garlic) ہے، دنیا کی قدیم ترین فصلوںمیں سے ایک ہے۔ اس کا شمار اہم مسالوں میں بھی ہوتا ہے۔ یہ سبز پتوں اور خشک جوؤں (پوتھیوں) کی شکل میں مختلف سبزیوں اور گوشت کو ذائقہ دار بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بیرونی ممالک میں لہسن کو مشینوں کے ذریعہ خشک کرکے اس کا نمک بنایا جاتا ہے۔ اس کا قدیم وطن وسط ایشیا یا بحیرہ روم کے ارد گرد کے ممالک ہیں۔
لہسن میں پائے جانے والے حراروں کی مقدار گاجر کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ ہر ایک سو گرام لہسن میں ایک سو بیس حرارے پائے جاتے ہیں۔
قدرت نے لہسن کے ننھے سے دانے میں حیرتناک طبی خواص بند کردیے ہیں، جو ہزاروں برس سے انسان کو دکھ درد سے نجات دلا رہے ہیں۔ آج کل سائنس دان اپنی تجربہ گاہ میں جدید آلات کی مدد سے ان خواص کو پہچان رہے ہیں۔ اہلِ مصر، اہلِ چین، اہلِ یونان اور اہلِ بابل سب کے سب لہسن کو مندرجہ ذیل عوارض کے لیے اکسیر کا درجہ دیتے تھے۔ آنتوں کی بیماریاں، تبخیر، نظام تنفس کی جراثیم زدگی، جسمانی کیڑے، امراض جلد، پھوڑے پھنسی اور بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ آنے والی بیماریاں۔
لہسن تازگی بخش، ہاضم، مسہل اور جراثیم کش ہے۔ ٹوٹی ہوئی ہڈی کو جوڑ دیتا ہے۔ گلے کو صاف کرتا ہے، خون کی پیدائش کو بڑھاتا ہے۔ طاقت اور رنگت کے لیے عمدہ چیز ہے۔ ذہانت کے لیے بہت مفید ہے۔ آنکھوں کو راحت بخشتا ہے۔ ریح کو خارج کرتا ہے، غذا ہضم کرنے میں مدد دیتاہے۔ آواز کو صاف کرتا ہے۔ پیشاب اور حیض جاری کرتا ہے۔
درد سر کی مفید دوا
اگر سردرد کا سبب سرد ہوا لگنا یا سرد پانی سے سر دھونا ہو تو اس کے لیے میٹھے تیل میں چند پوتھیاں لہسن کی جلاکر سر اور کنپٹیوں پر مالش کیجیے۔ بہت جلد درد رفع ہوجائے گا۔
درد شقیقہ کے لیے ایک عجیب چٹکلہ
لہسن کوچھیل کر کھرل کرلیجیے اور کسی باریک ململ کے رومال میں چھان کر ایک تولہ پانی نکال لیجیے اور پھر اس میں چھ رتی ہینگ عمدہ ڈال کر پھر کھرل کیجیے۔ جب اچھی طرح حل ہوجائے تو شیشی میں ڈال کر سنبھال رکھئے اور بوقت ضرورت اس میں سے لے کر مریض کے اس نتھنے میں ٹپکائیے جس طرف درد ہو۔ اگر درد شقیقہ کا سبب بلغمی مادہ ہو تو بس انشاء اللہ پانچ منٹ میں آرام ہوجائے گا۔
نزلہ وزکام کے لیے اکسیری بجھیا
آلو ایک چھٹانک، ادرک چھ ماشے، لہسن تین ماشے اور گھی حسبِ ضرورت لیجیے۔ ان چیزوں کو ملا کر بھجیا تیار کیجیے۔ اس بھجیا کو ایک وقت یا دونوں وقت غذا کے ساتھ استعمال کیجیے۔ ہر قسم کے نزلہ و زکام کا شرطیہ اور اکسیر علاج ہے۔ اس کی پہلی خوراک ہی میں نزلہ و زکام دور ہوجاتا ہے۔ پرانے نزلہ و زکام کے لیے ہفتہ عشرہ استعمال کرنا ضروری ہے۔
فالج کے مریض کے لیے چائے کا نسخہ
کسی کو فالج کا مرض شروع ہو تو اس کے متعلقین کو چاہیے کہ اسے حتی الوسع کوئی چیز کھانے کو نہ دیں۔ ہاں، صبح و شام چائے پکاکر تین ماشتہ لہسن کا پانی ملاکر پلایا کریں اور اس میں چینی کے بجائے شہد ملاکر بغیر دودھ کے پلایا کریں۔ اگر بھوک برداشت کرتے ہوئے پانچ چھ دن تک اس چائے کو استعمال کرلیا جائے تو اکثر آرام آجاتا ہے۔
روغن ثوم، بے شمار بیماریوں میں تریاق
روغن سم سم یعنی تلوں کا تیل سیر بھر لے کر اسے لوہے کی کڑاہی میں ڈال کر آگ پر رکھئے۔ جب تیل خوب اچھی طرح پکنے لگے تو لہسن کی چھلی ہوئی سالم گرہ (پوتھی) کسی تار میں پرو کر اس کے درمیان لٹکا دیجیے اور نیچے مدہم سی آگ جلاتے رہیے۔ جب لہسن کی گرہ سرخ سیاہی مائل ہوجائے تو نکال کی اسی طرح دوسری گرہ پکائیے اور اسے بھی سیاہی مائل ہونے تک پکاتے رہیے۔ اسی طرح سات عدد لہسن گرہوں کو پکائیے اور اتار کر سرد ہونے پر شیشی میں سنبھال رکھیے۔ روغن تیار ہے۔
جاڑے کے بخار والے مریض کو بخار آنے سے پہلے اس تیل کی مالش کیجیے۔ بھڑ، بچھو، مکھی کے ڈنک، خارش یا ورم والے مریض کے متاثرہ حصہ پر مالش کیجیے۔ کان درد یا اونچا سننے کی صورت میں روغن نیم گرم کرکے کان میں ڈالیے ۔ رنگت و خوب صورت بنانے کے لیے، پکتے ہوئے تیل میں تھوڑی سی رتن جوت ڈال کر استعمال کیجیے۔ بلغمی اور ریحی بیماریوں کے لیے بھی یہ روغن تریاق اعظم ہے۔
عقل حیران کرنے والا ٹوٹکہ
کالی کھانسی کے مریض بچے کے گلے میں لہسن کی پوتھیوں کو چھیل کر ان کا ہار بناکر پہنادیجیے۔ اس سے بفضلہ بیماری دب جائے گی بلکہ آرام ہی آجائے گا کیونکہ لہسن میں سے ایک خاص قسم کا جوہر نکل کر ہوا میں شامل ہوجاتا ہے اور ہوا سانس کے ذریعہ جب پھیپھڑوں میں جاتی ہے، تو اس سے کھانسی سے آرام آجاتا ہے۔
دانتوں کی مضبوطی کے لیے منجن
لہسن کو پیس کر دانتوں میں ملا جائے تو اس سے مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں اوریہ عمل دانتوں کو کیڑا لگنے سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
دمے کے مریضوں کے لیے اکسیر
اگر کسی پر خدانخواستہ دمے کاحملہ ہوجائے تو لہسن کا ایک جوا چینی کے ساتھ ملا کر اچھی طرح چبائیے بہت جلد افاقہ ہوگا۔
لہسن دورانِ خون کو منظم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ خون کی صفائی کرتا ہے، خاص طور پر کم بلڈ پریشر کے لیے بے حد مفید ہے۔ کچا لہسن استعمال کرنے سے منہ میں سے ایسی بدبو محسوس ہونے لگتی ہے جو بے حد نفرت انگیز ہوتی ہے اسے ختم کرنے کے لیے لہسن کھانے کے فوراً بعد خشک روٹی، مٹر کے دانے یا سیب کھالیں تو بدبو فوراً ختم ہوجائے گی۔
فالج اور لقوے میں بھی لہسن کا استعمال مفید ہے۔ گٹھیا میں بھی فائدہ کرتا ہے۔ پیس کر اور شہد میں ملاکر پلایا جاتا ہے۔ لہسن کے تیل کی گولیاں عام دستیاب ہیں۔
لہسن کے نقصانات
لہسن کے جہاں بے شمار فوائد ہیں، وہاں اس کے بعض نقصانات بھی ہیں جو استعمال کی بعض حالتوں میں نقصان پہنچاتے ہیں۔
(۱) لہسن کا کھانے میں بہت زیادہ استعمال، انسان کی قوتِ بینائی میں کمی کرنے کا باعث بنتا ہے۔
(۲)یہ جسم میں صفرا کی زیادتی کا باعث بنتا ہے جس کی وجہ سے خون میںپائے جانے والے سرخ رنگ کے جسیمے جل کر معدوم ہوجاتے ہیں۔
(۳) اسے اگر کثیر تعداد میں استعمال کیا جائے تو اس میں موجود ’’سنکھیا‘‘ جسم میں زہریلے مواد کو جنم دینے کا باعث بنتا ہے۔
(۴) جو لوگ جلدی امراض میں مبتلا ہوتے ہیں ان کے لیے لہسن کا استعمال مفید نہیں۔
(۵) دودھ پینے والے بچے کو اگر لہسن کھلایا جائے تو اس کے معدے میں دودھ خراب ہونے سے وہ دل کے مرض میں مبتلا ہوجاتا ہے۔
لہسن کے طبی فوائد
جو لوگ جوڑوں کے درد میں مبتلا ہوتے ہیں، اپنے آپ کو درد سے محفوظ رکھنے کے لیے کچھ مقدار میں لہسن دوا کے طور پر کھانے میں بھی استعمال کرتے ہیں۔ اس کو پیس کر جسم پر ملنے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔
لہسن کا بیرونی استعمال
عام یا شدید قسم کے زخم کو اگر لہسن اور سرکہ ملاکر دھویا جائے، اس کے بعد اس کی پٹی کی جائے تو زخم بہت جلدی ٹھیک ہوجاتا ہے۔ زخموں کو دھونے کے لیے ضروری ہے کہ آدھا لیٹر سرکے میں کم از کم تیس گرام لہسن پیس کر ملانے کے بعد دس دن تک اسے یونہی پڑا رہنے دیجیے، تاکہ لہسن اچھی طرح نرم ہوجائے۔ اس کے بعد وہ سرکہ زخم دھونے اور مرہم پٹی کے لیے استعمال کیجیے۔
اگر کسی کو بھِڑ کاٹ لے تو لہسن کا ایک جوا لے کر اس کو درمیان سے کاٹ لیں اور بھڑ کاڈنک نکالنے کے بعد جوے کا کٹا ہوا حصہ متاثرہ جگہ پر اچھی طرح مل لیں تو جلد آرام آجائے گا۔
لہسن کے بے شمار فوائد میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اگر کسی شخص کے دانتوں میں کیڑا لگ جائے اور ان میں شدید تکلیف ہو تو تھوڑا سا لہسن لے کر اچھی طرح پیس لیجیے، اس پسے ہوئے لہسن کو نمکین مکھن میں ملائیے اور تیار شدہ مواد، جس دانت میں درد ہو یا جس کے اندر کیڑا لگنے سے سوراخ بن گیا ہو، اس سوراخ میں رکھ دیجیے۔ انشاء اللہ دانت کا درد کافور ہوجائے گا۔
اناج کی حفاظت لہسن کے ذریعے
لہسن کے چند جوے اگر چھوٹی چھوٹی تھیلیوں میں رکھ کر گندم، چاول اور دیگر اناج کی بوریوں میں رکھ دیے جائیں تو کیڑے مکوڑے ان بوریوں کے قریب نہیں آئیں گے۔
کیل مہاسوں کے لیے تیر بہدف نسخہ
لہسن کیل، مہاسے دور کرنے کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ اس کے چند جوے لے کر انھیں آگ پر اچھی طرح سرخ کرلیجیے۔ اس کے بعد ایک ایک جوا چہرے پر پائے جانے والے کیل مہاسوں پر ملئے اور یہ عمل کئی دن تک بار بار کیجیے۔ جلد ہی ان کیل مہاسوں سے نجات مل جائے گی۔
لہسن کے خواص میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس میں بہترین قسم کا جراثیم کش مادہ پایا جاتا ہے۔ انفلوئنزا وغیرہ اور پھیپھڑوں کی نالیوں میں داخل ہونے والے جراثیم کو نیست و نابود کرنے کے لیے یہ بے حد مفید ہے۔ لہسن کا استعمال سینے کے اندر موجود بلغم کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ چھاتی کے درد، کالی کھانسی، پھیپھڑوں کی ٹی بی جیسی بیماریوں کے لیے لہسن کا استعمال بے حد مفید ہے۔ اطبا کا کہنا ہے کہ لہسن کے دو جوے ایک پیالی دودھ میں ڈال لیں۔ دودھ کو اچھی طرح ابال کر گرم گرم پی لیں۔ مندرجہ بالا بیماریوں سے افاقہ ہوگا۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146